Wednesday , October 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج سے دوسرا ٹسٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج سے دوسرا ٹسٹ

مصباح کی ٹیم کو برتری ۔ میزبانوں کی صف میں اینڈرسن کی واپسی سے دلچسپی میں اضافہ

اولڈ ٹرافورڈ ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر کے اولڈ ٹرافورڈ گراؤنڈ میں جمعہ 22 جولائی سے دوسرا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ مہمان ٹیم کو چار میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ مصباح الحق کی ٹیم نے لارڈز ٹسٹ میں 75 رنز سے تاریخی کامیابی درج کرائی۔ ’مین آف دی میچ‘ یاسر شاہ نے دس وکٹیں لئے۔ سابق کپتان محمد یوسف کہتے ہیں کہ السٹیر کک زیرقیادت انگلش ٹیم کی صف میں فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی واپسی سے فرق پڑے گا۔ میزبانوں نے دوسرے ٹسٹ کیلئے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ انگلینڈ 2001ء سے اولڈ ٹرافورڈ میں ناقابل شکست ہے۔
یاسر شاہ زخمی نہیں، ٹیم مینجمنٹ کی وضاحت
لندن ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینجمنٹ نے اسٹار اسپنر یاسر شاہ کے زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ وہ کل انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹسٹ میں حصہ لیں گے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم کے سر سے بڑا خطرہ ٹل گیا۔ لارڈز ٹسٹ کے ہیرو یاسر انجری سے بچ گئے ، وہ گزشتہ روز پریکٹس کے دوران کندھے پر گیند لگنے کے باعث بظاہر زخمی ہو گئے تھے۔ تاہم ٹیم منیجر انتخاب عالم کے مطابق لیگ اسپنر کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں تھی۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد وہ فٹ ہوچکے ہیں اور اولڈ ٹرافورڈ ٹسٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قبل ازیں نٹس میں بیٹنگ پریکٹس کرتے ہوئے پاکستانی بولر کی گیند یاسر کے کندھے پر لگی جس کے بعد تکلیف سے دوچار لیگ اسپنر کی مدد کو وہاب ریاض پہنچے۔ شدید تکلیف سے دوچار یاسر کو ٹیم ڈاکٹرز نے فوری طور پر ڈریسنگ روم میں پہنچا دیا۔ ذرائع کے مطابق یاسر کے ٹسٹ کئے گئے جس سے پتہ چلا کہ انجری کے تعلق سے تشویش کی ضرورت نہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ سے قبل یاسر کو کمر کی تکلیف لاحق ہوئی تھی جس کے سبب وہ ٹسٹ میچ میں شرکت نہیں کر پائے تھے۔

TOPPOPULARRECENT