Saturday , June 24 2017
Home / پاکستان / پاکستان سرجیکل حملہ کرے تو ہندوستان کئی نسلوں تک یاد رکھے گا

پاکستان سرجیکل حملہ کرے تو ہندوستان کئی نسلوں تک یاد رکھے گا

فضائیہ اور بحریہ کے سربراہوں کی بھی ہندوستان کیخلاف شعلہ بیانی، ہندوستان نے پاکستانی الزام مستردکردیا
اسلام آباد 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کو انتباہ دیا کہ جنگ سخت ہوجانے کی صورت میں اُس کی فوج اِس بات کی اہلیت رکھتی ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکے۔ سربراہ فوج جنرل راحیل شریف نے کہاکہ اگر پاکستان ہندوستان پر سرجیکل حملہ کرے تو وہ اُس کو کئی نسلوں تک بھول نہیں سکے گا۔ اپنے بچوں کو اِس بات کی تعلیم دے گا کہ سرجیکل حملے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اگر پاکستان ایسے ہی حملے کرے۔ انھوں نے ہندوستان کے اِس بیان کو مسترد کردیا کہ وہ پاکستان میں سرجیکل حملہ کرچکا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی فوج ہندوستانی فوج کو سبق سکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ وہ کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد جو نامور کرکٹ کھلاڑی شاہد آفریدی کے نام موسوم کیا گیا ہے اور قبائیلی علاقہ خیبر میں تعمیر کیا گیا ہے، قبائیلی سرداروں سے خطاب کررہے تھے۔ جنرل راحیل نے اِس بات کی توثیق کی کہ وہ اپنی 3 سالہ میعاد کے بعد 29 نومبر کو مقررہ پروگرام کے مطابق سبکدوش ہوجائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اپنی زندگی سبکدوشی کے بعد شہید فوجیوں کے ارکان خاندان کی فلاح و بہبود کے لئے وقف کردیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا تھا کہ اگر شہریوں خاص طور پر خواتین و اطفال کو ، ایمبولینس گاڑیوں اور سیویلین ٹرانسپورٹ کو حملوں کا نشانہ بنایا جائے تو پاکستان برداشت نہیں کرے گا۔ پاکستان اعظم ترین صبر و تحمل کا مظاہرہ کرچکا ہے حالانکہ ہندوستانی فوج کی خطہ قبضہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ فضائیہ کے سربراہ مارشل سہیل امان نے بھی کہاکہ پاکستان ہندوستان کی کسی بھی دھمکی کی پرواہ نہیں کرتا اور اگر جنگ شدت اختیار کرلے تو پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔ وہ نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سمینار سے کراچی میں خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی صبر و تحمل اختیار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ پاکستان اس قسم کے دباؤ کو نظرانداز نہیں کرے گا۔ پاکستان کی بحریہ کے سربراہ اڈمیرل محمد ذکاء اللہ نے ہندوستانی آبدوز کشتی کی جانب سے پاکستان کی آبی حدود میں داخلہ کو غیر معمولی قرار دیا اور انتباہ دیا کہ ایسی کوئی بھی کوشش دوبارہ کی جائے تو جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہندوستان نے تاہم سختی سے اِس الزام کو ’’سفید جھوٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہاکہ ہندوستانی بحریہ کی پاکستان کی آبی حدود میں کوئی نقل و حرکت نہیں ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT