Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سوپر لیگ میں یونس خان فروخت نہ ہوسکے

پاکستان سوپر لیگ میں یونس خان فروخت نہ ہوسکے

اظہر علی اور سعید اجمل آخری وقت فروخت

کراچی۔22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) طویل انتظار اور کئی برسوں کی منصوبہ بندی کے بعد ملین ڈالرز کی پاکستان سوپر لیگ ٹوئنٹی20  میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ حیران کن طور پر 2009میں پاکستان کو اپنی کپتانی میں ورلڈکپ کا ٹوئنٹی 20 خطاب جتوانے والے  یونس خان کو دوسرے دن بھی کوئی خریدار نہ مل سکا جبکہ  پاکستان کے ونڈے کپتان اظہر علی اور اسپنر سعید اجمل کو دوسرے دن ٹیموں میں شامل کیا ہے۔ ونڈے کپتان اظہر علی کو لاہور قلندر نے حاصل کیا جبکہ سعید اجمل کو ٹسٹ کپتان مصباح کی ٹیم اسلام آباد یونیٹیڈ نے حاصل کیا ہے۔ پاکستان کے ٹوئنٹی 20 کپتان شاہد آفریدی پشاور، سرفراز احمد کوئٹہ، مصباح الحق اسلام آباد، شعیب ملک کراچی کی قیادت کریں گے۔ لاہور کے کپتان کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

سری لنکا کا کوئی کھلاڑی ڈرافٹ میں شامل نہیں ہوا کیونکہ سری لنکا کو اسی دوران ہندوستان کے ساتھ سیریز کھیلنا ہے۔ پاکستان سوپر لیگ فروری میں دبئی اور شارجہ میں ہوگی۔ یونس خان کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ اسٹار بیٹسمین پہلے ہی پاکستان سوپر لیگ میں شرکت سے انکار کر چکے تھے۔ تاہم پی ایس ایل کی ویب سائٹ پر ان کا نام موجود ہے۔ پاکستان سوپر لیگ کے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل نیشنل اکیڈیمی لاہور میں ہوا جہاں سب سے پہلی نیلامی آئیکان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل شاہد آفریدی کی ہوئی جنھیں پشاور زلمے نے جبکہ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو کراچی کنگز نے حاصل کیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ اسلام آباد کی ٹیم کو سب سے پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرنا تھا لیکن اسلام آباد نے پشاور کی ٹیم کے ساتھ اپنی باری تبدیل کرلی۔

کوئٹہ کی ٹیم نے انگلینڈ کے مشہور بیٹسمین کیون پیٹرسن، اسلام آباد یونائیٹیڈ نے آسٹریلیا کے آل راونڈرشین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بیٹسمین کرس گیل کو لاہور قلندرز نے منتخب کیا۔ تقریب میں پانچوں فرنچائز کے مالکان اور کوچ بھی موجود تھے جنھوں نے مرحلہ وار اپنی پسند کے کرکٹروں کا انتخاب کیا۔ پلاٹینم کیٹگری میں پشاور نے شاہد آفریدی کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی اور پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض، کراچی نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور سہیل تنویر ، لاہور نے عمراکمل اور ویسٹ انڈیز کے ڈوین براوو، اسلام آباد نے شین واٹسن، مصباح الحق اور ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل ، کوئٹہ نے کیون پیٹرسن، سرفراز احمد اور احمد شہزاد کو منتخب کیا۔ ایونٹ میں حصہ لینے والی ہر ٹیم 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جسے پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری سے تین تین اور سلور کیٹگری میں پانچ پانچ کرکٹر شامل کرنے کی اجازت ہے جبکہ فی ٹیم دو کرکٹر ایمرجنگ کیٹیگری سے لیے جا سکتے ہیں۔ ہر ٹیم چار بیرونی کرکٹرز شامل کرسکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہر یارخان نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی باقاعدہ نیلامی کا اعلان کیا اور ان کی موجودگی میں کراچی کنگز کا لوگو متعارف کروایا گیا۔ پاکستان سوپر لیگ میں سب سے زیادہ انگلینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور زمبابوے سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT