Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سوپر لیگ کا آج یو اے ای میں آغاز

پاکستان سوپر لیگ کا آج یو اے ای میں آغاز

کراچی ، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی پہلی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ جمعرات4 فبروری سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہی ہے۔ لیگ کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔ مصباح الحق اسلام آباد اور سرفرازاحمد کوئٹہ کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ پاکستان سوپر لیگ کے نام سے ہونے والے اس ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شریک ہیں جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندر، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لاہور قلندر نے پاکستان کی ونڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کو اپنا کیپٹن مقرر کیا ہے۔ کراچی کنگز کی کپتانی شعیب ملک کے سپرد ہے جبکہ پشاور زلمی پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ اس لیگ کے دوران مجموعی طور پر 24 میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان سوپر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کے علاوہ 30 غیر ملکی کرکٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، آسٹریلیا کے شین واٹسن اور شان ٹیٹ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، لینڈل سمنز، ڈوین براوو اور ڈیرن سیمی، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، مشفق الرحیم اور تمیم اقبال، زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا اور افغانستان کے محمد نبی قابلِ ذکر ہیں۔

سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور تلک رتنے دلشان سپلیمنٹری کرکٹرز میں شامل ہیں۔ سنگاکارا ان دنوں ماسٹرز چیمپینز لیگ میں مصروف ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر اپنے کرکٹ بورڈ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے سبب پاکستان سوپر لیگ میں حصہ نہیں لے سکتے اور ان کی جگہ سری لنکا کے تشارا پریرا کوئٹہ کی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ یاسر شاہ کی ڈوپنگ کے نتیجے میں معطلی کے بعد لاہور قلندر نے سری لنکا کے اجنتا مینڈس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمن بھی کندھے کی تکلیف کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل ان کے بارے میں بھی یہ خبریں آئی تھیں کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ انھیں یہ لیگ کھیلنے کی اجازت دینے کیلئے تیار نہیں۔ماضی کے متعدد مشہور کرکٹرز پاکستان سوپر لیگ میں کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ڈین جونز اسلام آباد کی ٹیم سے وابستہ ہیں۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کراچی کنگز سے وابستہ ہیں، انگلینڈ کے اینڈی فلاور پشاور کی ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے معین خان کو کوچ مقررکیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے پیڈی آپٹن لاہور قلندر کے کوچ ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے کھلاڑیوں کو مفید مشورے دینے کیلئے شہرۂ آفاق ویسٹ انڈین لیجنڈ سر ویوین رچرڈز کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی وسیم اکرم کے وسیع تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT