Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی تصدیق

پاکستان سوپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کی تصدیق

لاہور ، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ ’پاکستان سوپر لیگ‘ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل 9 مارچ کو لاہور میں کرانے کی تصدیق کر دی ہے۔ پی سی بی نے تصدیق کی کہ وہ اب عالمی کھلاڑیوں کو پاکستان لانے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں اور اگر کھلاڑی سکیورٹی انتظامات سے مطمئن نہ ہوئے تو پی سی بی ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بیک اپ تیار کرے کیلئے بھی کام کر رہا ہے۔ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کئے گئے حملے کے بعد سے پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہیں اور سوائے زمبابوے کے آئی سی سی کے کسی بھی رکن ملک نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کو دو انٹرنیشنل میچوں کی سیریز لاہور میں کھیلنے کی دعوت بھی دی ہے جس کا انحصار ویسٹ انڈیز پلیئرز اسوسی ایشن کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس پر ہے۔ کھلاڑیوں کی عالمی اسوسی ایشن فیکا نے بھی اپنے بیان میں کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ کھلاڑیوں کو پاکستان میں شدید خطرات لاحق ہیں اور عالمی کرکٹرز پاکستان کا دورہ کرنے سے اجتناب کریں۔ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کی رونمائی کی گئی ہے، لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی ایونٹ کا فائنل لاہور میں کرانے پر مصر ہیں اور بورڈ نے اس خواب کو عملی جامع پہنانے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں اور انہیں حکومت پنجاب سے سکیورٹی کلیئرنس بھی مل گئی ہے۔ بورڈ نے اس سلسلے میں چار بلٹ پروف بسیں خریدی ہیں کیونکہ وہ کوئی بھی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے اور ان کا خیال ہے کہ اس سے ملک کا دورہ کرنے والے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو گا جبکہ کھلاڑیوں کو ملک میں آنے اور جانے کے حوالے سے بھی مکمل بریفنگ دی جائے گی۔ پی سی بی غیر ملکی مایہ ناز کھلاڑیوں کو ملک میں لانے کیلئے کوشاں ہے لیکن اگر ایسا نہ ہو سکا تو ان کھلاڑیوں کے متبادل کا انتظام کیا جائے گا۔ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر عالمی کھلاڑیوں نے پاکستان کا سفر نہ کیا تو وہ مقامی کھلاڑیوں کو ہی ٹیم کا حصہ بنا کر فائنل کھیلیں گے۔

TOPPOPULARRECENT