Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / پاکستان سے اچھے تعلقات قومی وقار کی قیمت پر نہیں: راجناتھ سنگھ

پاکستان سے اچھے تعلقات قومی وقار کی قیمت پر نہیں: راجناتھ سنگھ

نیمچھ(مدھیہ پردیش ) 27جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے سرحدی ضلع گرداس پور پر دہشت گرد حملے کے پس منظر میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے لیکن اگر قومی وقار کو چیلنج کیا جائے تو اس کا بھرپور جواب بھی دے گا ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ سرحد پار کے دہشت گردی واقعات مسلسل جاری ہیں ‘ حالانکہ ہندوستان پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بار بار دہشت گرد واقعات کے پیش آنے کو سمجھ نہیں سکے جب کہ ہم پڑوسی سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے پڑوسی سے کہہ دینا چاہتے ہیں کہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن قومی وقار کی قیمت پر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قبل ازیں بھی یہ کہہ چکے ہیں لیکن ایک بار پھر کہنا چاہیں گے کہ جب بھی حملہ ہو ہم پہلے حملہ نہیں کریں گے اور نہ فائرنگ کریں گے لیکن اگر ہمیں چیلنج کیا جائے تو ہم منہ توڑ جواب بھی دیں گے ۔ راجناتھ سنگھ یہاں سی آر پی ایف کے 76ویں یوم تاسیس تقریب میں اس کی پریڈ کی سلامی لینے آئے ہوئے تھے ۔ سی آر پی ایف آج ہی کے دن 1939ء میں قائم کی گئی تھی ۔ دونوں ممالک کے درمیان امن کی بحالی کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم پاکستان کو گذشتہ سال اپنی تقریر حلف برداری میں مدعو کیا تھا ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وہ اس واقعہ کی وجہ سے یہاں سے روانہ ہورہے ہیں جس کی اطلاع گردارپور سے ملی ہے اور انہیں کارروائی کے بارے میں بیان دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر پنجاب ‘ مشیر قومی سلامتی اور معتمد داخلہ سے اس واقعہ کے بارے میں بات چیت کرچکے ہیں ۔ آج کے تاریخی دن یہاں کا دورہ بھی ضروری تھا کیونکہ وہ سی آر پی ایف کے فوجیوں اور عہدیداروں سے آج بہرحال ملاقات کرنا چاہتے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT