Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / !پاکستان سے سیریز،ہندوستان کا مذاکرات پر غور

!پاکستان سے سیریز،ہندوستان کا مذاکرات پر غور

کراچی ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے پندرہ دن بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نوٹس کا جواب دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اس ضمن میں کہا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ مذاکرات پر آمادہ ہوگیا ہے۔چیمپینز ٹرافی میں ہندوستان اور پاکستانی کرکٹ ٹیمیں تو چار جون کو برمنگھم میں مدمقابل ہوں گی جبکہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز بھی دو طرفہ سیریز کے معاملے پر آمنے سامنے ہیں۔یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی سی بی کے ایک نوٹس کی بعد بی سی سی آئی نے مذاکرات پر غور کیا ہے ۔پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے میڈیا کو بتایا کہ بی سی سی آئی نے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم اس سارے معاملے پر پی سی بی، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بات چیت کا حصہ بنانا چاہتا ہے۔خیال رہے کہ چیمپینز ٹرافی کے سلسلے میں آئی سی سی حکام ان دنوں لندن میں موجود ہیں، اس لئے میگا ایونٹ سے پہلے دونوں بورڈز کے درمیان دبئی میں بات چیت کے امکانات کم ہیں۔جون میں آئی سی سی کے اجلاس سے قبل دونوں بورڈز کے سربراہان لندن میں ملاقات کرکے دو طرفہ سیریز کے معاملے کو حل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ 3 مئی 2017 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر آئی سی سی کی تنازعات کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے تحت ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو نوٹس بھجواتے ہوئے 60 ملین ڈالر ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے فوچر ٹور پروگرام کے تحت 2014 سے 2018 کے درمیان سیریز کھیلنے کیلئے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے تھے اور سیریز نہ کھیل کر ہندوستان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان سے سیریز نہ کھیلننے کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس سے قبل پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے اجلاس سے واپسی کے بعد کہا تھا کہ ہندوستان کے خلاف مقدمے میں پاکستان کا موقف مضبوط ہے اور ہندوستان کے خلاف مقدمے کی پیروی کیلئے پاکستان پوری طرح تیار ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت 2015 تا 2024 تک دونوں ملکوں کے درمیان چھ دوطرفہ سیریز کھیلی جانی ہیں اور اس سلسلے کی پہلی سیریز کی میزبانی رواں سال پاکستان کو کرنی ہے۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2007 میں ہندوستان میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ہندوستان کو اسکے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔

TOPPOPULARRECENT