Monday , July 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان سے سیریز‘ بی سی سی آئی کی حکومت سے اجازت طلب

پاکستان سے سیریز‘ بی سی سی آئی کی حکومت سے اجازت طلب

نئی دہلی۔26 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) بی سی سی آئی نے پاکستان سے دوطرفہ سیریز کی اجازت طلب کرنے کیلئے حکومت کو مکتوب ارسال کر دیا ہے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان بھی آئندہ ہفتے اجلاس میں بات چیت ہوگی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز کھیلی جانی تھیں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب اب تک اس کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکے۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ سکیورٹی اور کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سیریز نہ کھیلنے سے کئی مرتبہ انکار کیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ہم سیریز کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں لیکن صورتحال ابھی جوں کی توں ہے اور ہمیں پاکستان سیریز کھیلنے کی حکومتی اجازت درکار ہے۔29 مئی کو دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان اجلاس ہوگا جس میں بی سی سی آئی کے نمائندے امیتابھ چوہدری شہریار خان یا پی سی بی کے کسی اور نمائندے سے ملاقات کریں گے۔امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ہم نے حکومت سے اجازت طلب کرنے کیلئے انہیں دوبارہ خط لکھ دیا ہے اور ان کے جواب کے منتظر ہیں۔ میرے خیال میں مذاکرات جاری رہنے چاہئیں اور اسی لئے ہم 29 مئی کو دبئی میں ملاقات کر رہے ہیں۔ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہی بیان دیا ہے کہ اگر 29 مئی کو مذاکرات میں ہندوستان نے پاکستان کی بات نہ مانی تو یہ معاملہ ٹریبونل میں لے جایا جائے گا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ 29 مئی کو انگلینڈ میں چیئرمین پی سی بی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے جہاں پاکستان اپنا واضح موقف پیش کرتے ہوئے ہندوستان سے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا مطالبہ کرے گا یا پھر پاکستان اپنے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے ہندوستان سے واجبات کا مطالبہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر بی سی سی آئی نے پاکستان کے مطالبات پورے نہ کئے تو پھر پاکستان آئی سی سی کو اس معاملے میں شامل کرے گا اور اگر پھر بھی یہ معاملہ طے نہ پایا گیا تو اس معاملے کو ٹریبونل میں لے جایا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT