Saturday , August 19 2017
Home / دنیا / پاکستان سے ’ کلیدی ‘ تعلقات برقرار: امریکہ

پاکستان سے ’ کلیدی ‘ تعلقات برقرار: امریکہ

باہمی روابط بہتر نہ ہونے کا خیال مسترد : اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان
واشنگٹن 14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ ‘ پاکستان کے ساتھ اہمیت کے حامل اور کلیدی تعلقات کی برقراری کا پابند ہے ۔ اوباما انتظامیہ نے یہ بات کہی جبکہ یہ اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں قدرے کشیدگی پیدا ہوئی ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں میڈیا سے کہا کہ یہ بہت اہمیت کے حامل اور کلیدی تعلقات ہیں اور ہم اس میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض وقت یہ تعلقات پیچیدہ ہوئے ہیں۔ یقینی طور پر ایسا ہوا ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ ہر مسئلہ پر اختلاف نہیں کرتے ۔ ہم ایسا نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ تعلقات اور شراکت داری کی بہت زیادہ اہمیت ہے اسی لئے ہم خطرات اور تشویش کو سمجھتے ہیں اور علاقہ میں ہمارے مشترکہ مفادات بھی ہیں۔ ہم ان تعلقات اور شراکت داری پر جدجہد کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ کربی سے وزیر اعظم پاکستان کے خارجی امور کے مشیر سرتاج عزیز کے اس بیان پر رد عمل طلب کیا گیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں گذشتہ تین ماہ کے دوران کشیدگی پیدا ہوئی ہے ۔ کربی نے کہا کہ انہوں نے سرتاج عزیز کا یہ بیان نہیں دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ انہوں نے یہ بیان اور ریمارکس نہیں دیکھے ہیں اس لئے اس تعلق سے وہ کوئی تبصرہ نہیں کرینگے ۔ انہوں نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ پاکستان ۔ امریکہ کے تعلقات فی الحال بہتر سطح پر نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT