Friday , July 21 2017
Home / ہندوستان / پاکستان مقبوضہ کشمیر کا ترانہ ، ویڈیو وائرل ہوگیا

پاکستان مقبوضہ کشمیر کا ترانہ ، ویڈیو وائرل ہوگیا

سری نگر ۔22 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بالخصوص فیس بک پر نوجوان کرکٹ کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں مقابلے سے قبل پاکستان مقبوضہ کشمیر کا قومی ترانہ ’’باغوں اور بہاروں والا۔ دریاؤں کوہساروں والا۔ آسمان ہے جس کا پرچم۔ پرچم چاند ستاروں والا۔ جنت کے نظاروں والا۔ جموں اور کشمیر ہمارا‘‘پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔بتایا جارہا ہے کہ یہ کرکٹ مقابلہ جس میں پاکستان مقبوضہ کشمیر کا قومی ترانہ بجایا گیا ہے ، کا انعقاد جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہوا ہے ۔وادی میں سماجی رابطوں کی 22 ویب سائٹس پر پابندی عائد رہنے کے باوجود یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے ۔خیال رہے کہ وادی میں گذشتہ ماہ (اپریل) کے اوائل میں بھی ایسی ہی ایک ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی تھی جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وردی میں ملبوس کرکٹ کھلاڑیوں کو مقابلے سے قبل پاکستان کا قومی ترانہ ’پاک سرزمین ‘پڑھتے ہوئے سنا گیا تھا۔تاہم پولیس نے بعدازاں مذکورہ ویڈیو کی عکس بندی کے مقام کا پتہ لگاکر وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں قریب ایک درجن کھلاڑیوں کو حراست میں لیا تھا۔پلوامہ اسٹیڈیم جہاں کرکٹ میچ کھیلا گیا تھا، ڈگری کالج سے متصل ہے جو وادی کشمیر میں طلبہ کے احتجاج کا مرکز رہ چکا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT