Sunday , May 28 2017
Home / عرب دنیا / پاکستان میں آج سے میگا ڈیفنس ایکسپو کا آغاز

پاکستان میں آج سے میگا ڈیفنس ایکسپو کا آغاز

43 ممالک بشمول روس اور چین کی شرکت، جنرل راحیل شریف کیلئے الوداعی تحفہ؟
اسلام آباد ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں اس وقت ایک میگا ڈیفنس ایکسپو کی میزبانی کرنے پر پاکستان عالمی سطح پر تمام اہم ممالک کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے جہاں ایک رپورٹ کے مطابق 43 ممالک سے 90 وفود شرکت کریں گے جن میں روس اور چین بھی شامل ہیں۔ کراچی میں کل سے اس میگا ڈیفنس ایکسپو کا آغاز  ہورہا ہے جہاں پاکستان میں ہی تیار کئے گئے دفاعی سازوسامان جیسے جنگی دبابہ الخالد اور JF-17 تھنڈر لڑاکا طیارہ کی نمائش کی جائے گی۔ چار روزہ میگا ڈیفنس ایکسپو میں تقریباً 418 کمپنیاں جن میں 34 ممالک سے تعلق رکھنے والی 261 کمپنیاں اور پاکستان سے 157 کمپنیاں اپنے عصری دفاعی سازوسامان کی نمائش کریں گے۔ دریں اثناء وزارت دفاع کے پروڈکشن سے وابستہ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے میڈیا ڈائرکٹر طاہر جاوید نے کہا کہ نویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزہیبیشن اینڈ سمینار (IDEAS) کو ایگزہیبیٹرس اور مندوبین کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 30 اعلیٰ سطحی ٹیمیں جو وزرائے دفاع، معتمدین دفاع اور تینوں افواج کے سربراہان پر مشتمل ہے، بھی اس میں شرکت کررہی ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترکی، چین، روس، شمالی امریکہ،  یوروپ اور ایشیاء کی دفاعی صنعتیں یہاں اپنی موجودگی کا احساس دلائیں گی جبکہ نو نئے ممالک جن میں لگژمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک جمہوریہ، سوئٹزرلینڈ، بلجیم، نائجیریا اور رومانیہ بھی اس ایکسپو میں شرکت کررہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی دلچسپ ہوگا کہ اس وقت برصغیر کے دو اہم پڑوسی ممالک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات اپنی کشیدگی کے عروج پر ہیں جہاں دونوں ممالک میں بعض ایسے قائدین بھی پائے جاتے ہیں جو جنگ کی مسلسل رٹ لگائے ہوئے ہیں لیکن دونوں ممالک کے عوام جنگ ہرگز نہیں چاہتے کیونکہ ایسا کرنا خطہ کو دیوالیہ کرنے کے مترادف ہوگا۔ ہندوستان اپنی دفاعی قوت کا مظاہرہ 26 جنوری کو ’’یوم جمہوریہ‘‘ کے موقع پر منعقد کی جانے والی پریڈ کے ذریعہ کرتا آیا ہے جہاں فوجی طاقت کے علاوہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کی تہذیب و تمدن کی جھلکیاں بھی پیش کی جاتی ہیں۔ یوم جمہوریہ پریڈ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہوتی ہیکہ اس میں ایک ہاتھی پر ان بہادر بچوں کو سوار کرکے گذارا جاتا ہے جنہوں نے کوئی نہ کوئی بہادری کا کارنامہ انجام دیتے ہوئے کسی کی جان بچائی ہو، کسی چور ڈاکو کو گرفتار کروایا ہو یا کسی خطرناک مجرم سے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہو۔ بہرحال پاکستان نے کبھی بھی ہندوستان کی یوم جمہوریہ پریڈ کی مخالفت نہیں کی تاہم اب ایک ایکسپو کے ذریعہ وہ اپنی دفاعی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخر ہندوستان کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا جن میں الخالد دبابہ، JF-17 تھنڈر کے علاوہ سوپر مشاق اور K-8 طیارہ، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹس، UAVs، بکتر بند گاڑیاں اور پریمیئم درجہ کے فوجی سازوسامان قابل ذکر ہیں۔ ان سازوسامان کی نمائش کے علاوہ بیرون ممالک کے مندوبین کے درمیان متعدد اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوں گے جن میں شرکت کرنے والے ممالک کے سرکاری عہدیدار دفاعی سازوسامان کی تیاری میں اشتراک کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔ بعض حلقوں سے یہ بھی کہا  جارہا ہیکہ پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف چونکہ جاریہ ماہ کے اواخر میں سبکدوش ہورہے ہیں لہٰذا دفاعی شعبہ کی یہ نمائش ان کیلئے ایک الوداعی تحفہ ثابت ہوگی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT