Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنمنٹ

پاکستان میں پہلا انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنمنٹ

کراچی ، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان میں باکسنگ کے فروغ اور مقامی باکسرز کو جمنازیم سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کراچی میں پہلی دفعہ بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ منعقد کروانے جا رہے ہیں۔ دفتر ’ڈان نیوز‘ کے دورے کے دوران گفتگو میں انٹرنیشنل باکسر عامر نے کہا کہ 2 جون کو کراچی کی ہوٹل میں پہلی دفعہ باکسنگ کا بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس میں یورپ سمیت دنیا کے دیگر خطوں کے بڑے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ عامر نے کہا کہ اس ایونٹ سے حاصل ہونے والی رقم سے اُس علاقہ کے متاثرین کیلئے پانی کا انتظام کیا جائے گا، جہاں پر لوگوں کیلئے صاف وشفاف پانی کی ضرورت ہے۔ کم عمر باکسنگ میڈلسٹ نے کہا کہ ’’میں پاکستان میں کھیلوں کو فروغ دینا چاہتا ہوں اور 4 جون کو اسلام آباد میں اپنی اکیڈیمی کا افتتاح کروں گا‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں پورے ملک میں تربیتی اداروں کو پھیلانا چاہتا ہوں، کراچی کے علاقہ لیاری میں انتہائی باصلاحیت لڑکے موجود ہیں، اسی لئے وہاں باکسنگ کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ عامر نے یہ بھی کہا کہ ’’میں کراچی کے مختلف علاقوں میں جمنازیم تعمیر کرنا چاہتا ہوں‘‘۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے گزشتہ سال لیاری کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے نوجوان باکسروں کی تعریف کی تھی۔ لیاری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ’’لیاری میں حیران کن ٹیلنٹ ہے جس پر مجھے یقین نہیں آتا‘۔

TOPPOPULARRECENT