Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر کی طلبی

پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر کی طلبی

’را‘ کے آفیسر کی موجودگی پر قاصد گوتم بامبے والے کے سامنے احتجاج
نئی دہلی ، 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامبے والے کو طلب کرتے ہوئے مبینہ طور پر را کے ایک عہدیدار کی انتشار پسندانہ سرگرمیوں پر احتجاج کیا اور کہا کہ پاکستان کے اندر را کی جانب سے بدامنی پھیلائے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستانی سیکوریٹی فورسیس نے اس آفیسر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انڈین ہائی کمشنر کو معتمد داخلہ نے طلب کرتے ہوئے آج اپنا احتجاج درج کروایا۔ بلوچستان اور کراچی میں ہندوستانی را آفیسر کی موجودگی اور انتشار پسندانہ سرگرمیوں کی اطلاع ملنے کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کے اندر اس طرح کے غیرقانونی داخلہ پر تشویش پائی جاتی ہے۔ بلوچستان کے وزیرداخلہ میر سرفراز بگتی نے کل اس عہدیدار کی کل یادو بھوشن کی حیثیت سے شناخت کی تھی جس نے پاکستان میں دراندازی کرکے انتشار پسندانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا۔ یہ آفیسر ہندوستانی بحریہ میں ایک کمانڈر مرتبہ کا عہدیدار تھا۔ سرفراز بگتی نے مزید کہا کہ بھوشن بلوچستان کے علحدگی پسندوں اور دہشت گردوں سے ربط پیدا کرتے ہوئے بلوچستان میں گروہ واری تشدد کو ہوا دے رہا تھا۔ تاہم بلوچستان کے وزیرداخلہ نے اس کی گرفتاری کے اصل مقام کا انکشاف نہیں کیا۔ ذرائع نے کہاکہ بھوشن کو بلوچستان کے چمن علاقہ سے گرفتار کیا گیا ہے جو افغانستان کی سرحد سے متصل ہے۔ پاکستان نے ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ وہ بلوچستان اور کراچی میں تشدد کو ہوا دے رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT