Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان نے انگلینڈ کو پہلا ونڈے ہرایا، آج دوسرا میچ

پاکستان نے انگلینڈ کو پہلا ونڈے ہرایا، آج دوسرا میچ

217 کے آسان ٹارگٹ پر ’مین آف دی میچ‘ حفیظ کی ناٹ آؤٹ سنچری ۔ بابر اعظم کے 62* رنز
ابو ظہبی ، 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے محمد حفیظ اور بابر اعظم کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو پہلے ونڈے انٹرنیشنل میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ روز یہاں ڈے؍ نائٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر اُن کی ٹیم 49.4 اوورز میں 216 آل آؤٹ اسکور کرپائی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ شعیب ملک اور انور علی نے دو، دو وکٹ حاصل کئے۔ جواب میں بظاہر آسان نظر آنے والے ٹارگٹ کے تعاقب میں اوپنرز اظہر علی (8) اور بلال آصف (2) دونوں ہی انگلش فاسٹ بولر ریکی ٹوپلی کے خلاف جلد ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ یونس خان اور محمد حفیظ نے اسکور کو 41 تک پہنچایا ہی تھا کہ سینئر بیٹسمن اپنے او ڈی آئی کریئر کی آخری اننگز میں صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انھیں بھی ٹوپلی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد حفیظ اور شعیب ملک نے 70 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 111 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر شعیب کو معین علی نے پویلین واپس بھیج دیا۔ اس مشکل صورتحال میں بابر میدان پر حفیظ کا ساتھ نبھانے آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ دونوں نے 106 رنز کی پارٹنرشپ کے ساتھ پاکستان کو 43.4 اوورز میں 217/4 پر چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرایا۔ ’’مین آف دی میچ‘‘ حفیظ 102 جبکہ بابر 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ چار میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT