Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز جیت لی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز جیت لی

پورٹ آف اسپین۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )بولروں کی شاندار کارکردگی کے بعد احمد شہزاد (53) کی بہترین نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے اور آخری ٹوئنٹی20 مقابلے میں چھ گیند قبل سات وکٹ سے شکست دیتے ہوئے سیریز1-3 سے اپنے نام کر لی۔ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ایک وقت نویں اوور تک ایک وکٹ پر52 رنز تھے لیکن اس کے بعد 16 ویں اوور تک 83 رنز پر اس نے اپنے سات وکٹ گنوا دیئے ۔پاکستانی بولروں کے سامنے میزبان ٹیم کے بیٹسمینس کھل کر کھیل ہی نہیں پا رہے تھے اور مقررہ 20 اوورس میں انہوں نے آٹھ وکٹ پر صرف 124 رنز کا معمولی اسکور بنایا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چیڈوک والٹن نے31 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے جبکہ مارلون سیموئلز نے22 رنز بنائے ۔ نچلے آرڈر میں کپتان کارلوس بریتھویٹ نے24 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے تیزی سے رن بنانے کی کوشش کی لیکن ویسٹ انڈیز20 اوورز میں محض 124 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے12 رنز اور شاداب خان نے16 رنز کے عوض فی کس دو وکٹ لئے جبکہ عماد وسیم، رومان رئیس اور وہاب ریاض کو فی کس ایک وکٹ ملی۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستان نے مضبوط شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 6.2 اوورس میں40 رنز جوڑے ۔ کافی عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے کامران اکمل نے20 رنز بنائے ۔ وہ پہلے وکٹ کے طور پر سیموئلز کا شکار بنے ۔ اس کے بعد اوپنر احمد شہزاد نے تیسرے نمبر پرآئے بابر اعظم (38) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے70 رنز جوڑے ۔ احمد دوسرے وکٹ کے طور پر 110 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کو کامیابی کے لئے صرف15 رنز درکار تھے ۔ شہزاد نے45 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی یہ ساتویں ٹوئنٹی20 نصف سنچری رہی۔بابر اعظم نے36 گیندوں میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ شعیب ملک (ناٹ آوٹ نو) اور سرفراز احمد (ناٹ آوٹ تین) نے اس کے بعد کامیابی کی خانہ پوری کرتے ہوئے ٹیم کو 19 ویں اوور میں سات وکٹ سے کامیابی دلا ئی۔پاکستان کو واحد شکست سیریز کے تیسرے میچ میں ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیسرک ولیمز کو دو وکٹ ملے ۔ حسن علی کو مین آف دی میچ اور شاداب خان کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

TOPPOPULARRECENT