Saturday , August 19 2017
Home / پاکستان / پاکستان نے 88 ہندوستانی ماہی گیروں کو جیل بھیج دیا

پاکستان نے 88 ہندوستانی ماہی گیروں کو جیل بھیج دیا

کراچی ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جوڈیشیل مجسٹریٹ نے 88 ہندوستانی ماہی گیروں کو آج جیل بھیج دیا۔ انہیں دو دن قبل پاکستانی حکام نے مبینہ طور پرملک کے آبی حدود میں ماہی گیری کی بناء گرفتار کیا تھا۔ کراچی ڈاک پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان تمام گرفتار کئے گئے ماہی گیروں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جس نے مقررہ طریقہ کار کے مطابق انہیں مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔ عہدیدار حامد خاں نے بتایا کہ مجسٹریٹ نے انہیں مالیر جیل میں جوڈیشیل ریمانڈ میں دے دیا۔ کراچی کی مالیر اور لندھی جیلوں میں اس وقت ہزاروں ہندوستانی ماہی گیر قید ہیں اور ان تمام کو پاکستانی آبی حدود میں داخل ہونے کی بناء گرفتار کیا گیا ہے۔ پاکستان کی مری ٹائم سیکوریٹی ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہفتہ کو بحرعرب میں کراچی ساحل کے قریب ان ماہی گیروں کو گرفتار کرتے ہوئے 16 کشتیاں ضبط کی گئیں۔ وہ پاکستانی آبی حدود میں مچھلیاں پکڑنے میں مصروف تھے۔ انہوں نے ہندوستانی میڈیا کی ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ گجرات ساحل کے قریب ہندوستانی ماہی گیروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اگرچہ ڈسمبر میں ہندوستان اور پاکستان نے مذاکرات کے عمل کے احیاء سے اتفاق کیا تھا لیکن اسی ماہ 66 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس سے ایک ماہ قبل 45 ماہی گیروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ہندوستان اور پاکستان اکثر آبی حدود کا واضح طور پر تعین نہ ہونے کی بناء ماہی گیروں کو وقفہ وقفہ سے گرفتار کیا کرتے ہیں۔  واپس حوالگی سے پہلے انہیں جیلوں میں زندگی گذارنی پڑتی ہے۔ دونوں ممالک نے ماضی میں خیرسگالی کے جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT