Friday , August 18 2017
Home / دنیا / پاکستان و افغانستان میں 6.7شدت کا طاقتور زلزلہ

پاکستان و افغانستان میں 6.7شدت کا طاقتور زلزلہ

شمالی ہندوستان و نیپال میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں
اسلامآباد/کابل /کٹھمنڈو۔10اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک طاقتور زلزلہ جس کی شدت ریکٹر پیمانہ پر 6.7ریکارڈ کی گئی ‘ پاکستان کے کئی علاقوں کو دہلا گیا ۔ زلزلہ کا مبدہ افغانستان اور  تاجکستان کے سرحدی علاقوں میں تقریباً 200کلومیٹر کی گہرائی میں تھا ۔ ’’ جیوٹی وی ‘‘ کے بموجب زلزلہ کے جھٹکے ملک کے کئی علاقوں بشمول اسلام آباد ‘ فیصل آباد ‘ میاں والی ‘ پشاور اور سرگودہ میں محسوس کئے گئے ۔ پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی پاکستان کے کسی بھی علاقہ سے اطلاع نہیں ملی ہے ۔ کابل سے موصولہ اطلاع کے بموجب شمالی افغانستان میں آج 5.9 شدت کا زلزلہ آیا ۔ امریکی ارضیاتی سروے کے بموجب زلزلہ 224کلومیٹر کی گہرائی میں کوہستانی سلسلہ ہندوکش کے علاقہ میں تھا اور واکھاند راہداری کے قریب تھا ۔ شمال مشرقی افغانستان کی تنگ پٹی تاجکستان اور پاکستان کے درمیان واقع ہے ۔ یہی علاقہ زلزلہ کا مبدہ تھا ۔ طاقتور زلزلہ کابل میں محسوس کیا گیا جو مبدہ سے 290 کلومیٹر کے فاصلہ پر تھا ۔ یہاں عوام دہشت زدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے اور ہندوستان میں کشمیر کے سرینگر اور شمالی ہند کے کچھ مقامات پر بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ پاکستان میں زلزلہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں جو پاکستان کا شمال مغربی صوبہ ہے اور وسطی صوبہ پاکستانی پنجاب کے علاوہ دارالحکومت اسلام آباد میں بھی محسوس کئے گئے ۔ مشرقی افغانستان میں 2013ء میں 5.6شدت کے زلزلہ سے 13افراد ہلاک اور کئی مکان زمین بوس ہوگئے تھے ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک بلند شدت کا زلزلہ افغانستان کے ہندوکش علاقہ میں محسوس کیا گیا جس کے جھٹکے شمالی ہند کے کئی علاقوں بشمول جموں و کشمیر اور دہلی میں بھی محسوس ہوئے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے بموجب زلزلہ کی شدت جو افغانستان میں 3.35بجے سہ پہر آیا ریکٹر پیمانہ پر 6.2 شدت کا تھا ۔زلزلے کے جھٹکے سرینگر اور جموں و کشمیر کے متصلہ علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے ۔ اتفاقی طور پر ایک اور اعلیٰ شدت کا زلزلہ جس کی شدت ریکٹر پیمانہ پر 6.7ریکارڈ کی گئی آج 9.42بجے صبح جزائر سالومن میں محسوس کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT