Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان ٹسٹ کرکٹ کو 2 زمروں میں تقسیم کرنے کا حامی

پاکستان ٹسٹ کرکٹ کو 2 زمروں میں تقسیم کرنے کا حامی

دبئی ۔9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز کی حمایت کردی ہے جیسا کہ آئی سی سی  2019 سے ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جس میں عالمی درجہ بندی کی پہلی سات ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف کھیلیں گی جب کہ دو نئی ٹسٹ ٹیموں کو موجودہ تین ٹیموں کے ساتھ شامل کرکے ان کے میچ کروائے جائیں گے اور دونوں درجوں میں ٹیموں کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور تنزلی ہوا کرے گی۔یہ تجویز آئی سی سی کے ایڈنبرا میں ہوئے  حالیہ اجلاس میں سامنے آئی تھی تاہم اسے ستمبر میں ہونے والے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کی ایسے وقت حمایت کی ہے جب بنگلہ دیش اور سری لنکائی کرکٹ بورڈ نے اسے تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یارخان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس تجویز کے مکمل حق میں ہے۔اس دو درجہ ٹسٹ کرکٹ کے علاوہ اور کوئی حل نہیں ہے کہ تمام ممالک ایک دوسرے کیخلاف کھیل سکیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ ٹسٹ سیریز کا پروگرام آئی سی سی کے اختیار میں ہو۔ پاکستانی ٹیم اپنی عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر ٹسٹ کرکٹ کے اول درجے میں ہوگی جب کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی جانب سے مخالفت کی وجہ یہ ہے کہ ان کی ٹیمیں اس وقت عالمی درجہ بندی میں نیچے ہیں لیکن اس بات سے قطع نظر کہ پاکستان ٹسٹ کرکٹ کے اوپر والے درجے میں ہو یا نچلے درجے میں وہ اس دو درجہ ٹسٹ کرکٹ کی حمایت کرے گا۔ ٹسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت تیسرے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکا کا ساتواں اور بنگلہ دیش کا نواں نمبر ہے۔ شہر یارخان نے کہا کہ اس دو درجہ ٹسٹ کرکٹ کے بارے میں عوام میں غلط فہمی یہ ہے کہ اس میں بڑی ٹیمیں کمزور ٹیموں سے نہیں کھیلیں گی حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ اس میں ترقی اور تنزلی کا طریقہ کار موجود ہے لہذا ہر ٹیم کو ایک دوسرے سے کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔ امید ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش اور سری لنکا کو دو درجہ ٹسٹ کرکٹ کے بارے میں قائل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

TOPPOPULARRECENT