Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو آج جیت کیلئے 5 وکٹیں، ویسٹ انڈیز کو 39 رنز درکار

پاکستان کو آج جیت کیلئے 5 وکٹیں، ویسٹ انڈیز کو 39 رنز درکار

شارجہ ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری تیسرے ٹسٹ کے آج چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر مہمانوں نے میزبانوں کے خلاف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لئے۔ اسٹمپس پر کریگ براتھویٹ اور شین ڈاوریچ کریز پر موجود تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے براتھویٹ (44*) اور ڈاوریچ (36*) نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنالئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کو یہ میچ جیتنے کیلئے مزید 39 رنز کی ضرورت ہے اور دوسری اننگز میں اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں تین اور وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں 56 رنز کے خسارہ برداشت کرنے والی پاکستانی ٹیم کھیل کے چوتھے دن دوسری اننگز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں اظہر علی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ چہارشنبہ کو آؤٹ ہونے پہلے پاکستانی کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو 42 رنز بنانے کے بعد دیویندر بشو کی گیند پر کیچ ہوئے۔ انھوں نے اظہر کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کیلئے 86 رنز کی شراکت قائم کی۔ ان کی جگہ آنے والے محمد نواز 19 رنز بنا سکے اور بشو کی اس میچ میں دوسری وکٹ بنے۔ بشو نے ہی اظہر کو بھی آؤٹ کیا جو ’نروس نائنٹیز‘ کا شکار ہو کر 91 بنانے کے بعد ڈارن براوو کو کیچ دے گئے جبکہ محمد عامر رن آؤٹ ہوئے۔ وہاب ویسٹ انڈیز کیپٹن جیسن ہولڈر کی چوتھی وکٹ بنے جب انھوں نے ایک رن بنا کر ہولڈر کو کیچ دے دیا۔ ہولڈر نے ہی یاسر شاہ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے پانچ، بشو نے تین اور روسٹن چیز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 56 رنز کی برتری ختم کرنے سے پہلے ہی پاکستان کی چار وکٹیں گر چکی تھی۔ دوسری اننگز میں سمیع اسلم 17، کپتان مصباح الحق چار جب کہ یونس خان اور اسد شفیق بغیر کوئی اسکور کئے پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور 13 ٹسٹ میچوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنی حریف ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں برتری حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز کی خاص بات براتھویٹ کی شاندار سنچری تھی۔ وہ 142رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح وہ ٹسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کیلئے اننگز کے آغاز سے اختتام تک ناٹ آؤٹ رہنے والے پانچویں ویسٹ انڈین اوپنر بھی بن گئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض پانچ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد عامر نے تین جب کہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

TOPPOPULARRECENT