Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کو کامیابی کیلئے آج آخری دن 368 رنز درکار

پاکستان کو کامیابی کیلئے آج آخری دن 368 رنز درکار

ہملٹن۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر اور ٹام لیتھم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میں فتح اور سیریز برابر کرنے کیلئے 369 رنز کا مشکل نشانہ دیا ہے۔نیوزی لینڈ نے ہملٹن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو جیت راول صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔تاہم اس کے بعد کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے 96 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ولیمسن 42 رنز بنا کر عمران خان کی وکٹ بنے لیکن لیتھم دوسرے سرے  پر ڈٹے رہے اور تیسری وکٹ کیلئے روس ٹیلر کے ساتھ 52 رنز جوڑ کر ٹیم کو 200 سے زائد رنز کی مجموعی برتری دلا دی۔80 کے انفرادی اسکور پر لیتھم کی اننگز بھی تمام ہوئی لیکن اس کے بعد روس ٹیلر نے پاکستانی بولرروں کا امتحان لینا شروع کیا اور ہنری نکولس کے ساتھ 60 اور 21 گیندوں پر 32 رنز بنانے والے کولن ڈی گورینڈ ہوم کے ساتھ 35 رنز جوڑے۔کئی ٹسٹ میچوں سے ناقص فارم سے دوچار تجربہ کار ٹیلر نے صرف 134 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے ناقدین کے منہ بند کرا دیے اور 16 چوکوں کی مزین ناقابل شکست 102 رنز کی اننگز کھیلی۔روس ٹیلر کی سنچری مکمل ہونے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا اور پاکستان کو میچ میں کامیابی اور سیریز برابر کرنے کیلئے 369 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔جب خراب موسم کے سبب دن کا کھیل وقت سے قبل ختم کیا گیا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے ایک بنایا تھا اور اسے میچ میں کامیابی کیلئے اب آخری دن 368 رنز درکار ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم بابر اعظم کی بھرپور مزاحمت کے باوجود پہلی اننگز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور کیویز نے 55 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔کرائسٹ چرچ ٹسٹ میں کامیابی کی بدولت نیوزی لینڈ کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بیٹسمینوں کی سست بیٹنگ جاری ہے کیونکہ مہمان اوپنروں سمیع اسلم اور کارگذار کپتان اظہر علی نے 3 اوورس کے کھیل پر صرف ایک رن بنایاہے۔

TOPPOPULARRECENT