Friday , September 22 2017
Home / پاکستان / پاکستان کی اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق ممکنہ رول ابھی طئے نہیں ، ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

پاکستان کی اسلامی ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق ممکنہ رول ابھی طئے نہیں ، ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

اسلام آباد۔ ۔17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہشت گردی اور شدت پسندی کیخلاف 34 اسلامی ملکوں کے اتحاد کا حصہ ہے، یہ اسلامی اتحاد سعودی عرب کی قیادت میں قائم کیا گیا ہے۔اس بات کا اعلان دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کیا جبکہ اس سے پہلے پاکستان نے اس اتحاد کا خیر مقدم کیا تھا۔ پاکستان کو ابھی تک اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا کہ شدت پسندی کے خلاف اس اتحاد میں پاکستان کا کردار کیا ہو گا۔حکام اس بارے میں بھی لاعلم ہیں کہ اگر خطے کے دوسرے ممالک میں دہشت گردی کے خلاف اسلامی اتحاد کارروائی کرتا ہے تو کیا پاکستان کی افواج اس میں حصہ لیں گی یا پھر دہشت گردی سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں سعودی حکام سے مزید معلومات کا انتظار ہے جس کے بعد ہی طے کیا جا سکے گا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں حصہ لے سکتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان سے اسلامی ملکوں کے اس اتحاد میں ایران، عراق اور شام کو شامل نہ کیے جانے کے بارے میں پاکستان کا موقف جاننے کے لیے متعدد سوالات کیے گئے جس پر قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ اس بارے میں وہی ممالک ردعمل دے سکتے ہیں جنھیں اس اتحاد میں شامل نہیں کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT