Tuesday , October 24 2017
Home / ہندوستان / پاکستان کی ایماء پر عدم تحمل کی مہم ہریانہ کے وزیر انیل وج کا نیا شوشہ

پاکستان کی ایماء پر عدم تحمل کی مہم ہریانہ کے وزیر انیل وج کا نیا شوشہ

انبالہ ( ہریانہ ) ۔ 24 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے ایک سینئر وزیر انیل وج نے آج عدم تحمل کے مسئلہ کو ایک نیا رخ دیا ہے اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ بعض لوگ پاکستان کے ایماء پر یہ مسئلہ اُچھال رہے ہیں تاکہ اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کیلئے ہندوستان کی کوششوں کو ناکام بنادیا جائے ۔ انھوں نے عدم رواداری کے مسئلہ پر فلمی اداکار عامر خان کے ریمارکس کو بے موقع اور غیرضروری قرار دیا اور انھیں نظرثانی کا مشورہ دیا ۔ منوہر لال کھتر کی زیرقیادت بی جے پی حکومت میں وزیر صحت اسپورٹس انیل وج نے کہاکہ ہمارے ملک میں بعض افراد پاکستان کی ایماء پر ’’عدم تحمل ‘‘ کا مسئلہ اُچھال رہے ہیں ۔ اور یہ لوگ ایسا ماحول بنانے کی کوشش میں ہیں کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت حاصل کرنے کے موقع سے ہندوستان محروم ہوجائے ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ یہ سازش پاکستان میں رچی گئی ایک مہم ، مستقل رکنیت حاصل کرنے سے قاصر ہوجائیں ۔ انھوں نے نام نہاد سیکولر طاقتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انھیں وزیراعظم نریندر مودی کی قائدانہ صلاحیتیں ہضم نہیں ہورہی ہیں جوکہ سیکورٹی کونسل میں مستقل رکنیت حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں ۔ واضح رہے کہ فلمی اداکار عامر خان نے کل ملک میں ناخوشگوار واقعات پر اظہارتشویش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ اس قدر خوفزدہ ہوگئی ہے کہ ترک وطن کے بارے میں سوچ رہی ہیں ۔ جس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر انیل وج نے کہاکہ ملک میں عدم تحمل پر کس نے تنازعہ چھیڑا ہے اور یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب 1984 ء میں مخالف سکھ فسادات ہوئے تھے اور اس وقت کیوں صدائے احتجاج بلند نہیں کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT