Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کی جانب سے ممبئی واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت

پاکستان کی جانب سے ممبئی واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت

کراچی۔20 اکٹوبر( سیاست ڈاٹ کام)  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ سمیت سابق کرکٹرز نے پاک ۔ہند بورڈز کے چیئرمینس کی ملاقات کے موقع پر ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی بی سی سی آئی کے دفتر پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان  پاکستان سے کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو چیرمین پی سی بی شہریارخان  واضح طور پر کہہ دیں کہ ہم بھی تمھارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ شہریار خان کو چاہئے کہ ہندوستان  سے صاف صاف کہہ دیں کہ ہم برابری کی بنیاد پر ہندوستان کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے۔  ہمیں ہندوستان کو بتانا چاہیئے کہ یہ کیا ہورہا ہے، یہ کرکٹ کھیلنے کا معاملہ تو نہیں ہے بلکہ کھلی سیاست  ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس معاملے کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لینا چاہیئے اور ہندوستانی حکومت، بورڈ اور آئی سی سی سے اس حوالے سے دو ٹوک بات کرنی چاہیئے۔سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیا اور خالد محمود نے ہندوستان میں شیوسینا کی کارروائیوں کی بھرپور انداز میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت پی سی بی رہنماوں کی سخت سیکیورٹی فراہم کرے۔ پاکستانی عوام  اپنے کسی مہمان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے۔  پی سی بی کے سابق سربراہ عارف علی خان عباسی نے کہا کہ ہندوستان کی انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا سے ہم اور کیا توقع کرسکتے ہیں۔ سابق ٹسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے اسے بِگ تھری کا بگاڑ قرار دے دیا۔ ساتھ ہی کہا کہ آئی سی سی کو ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ سمیت میچوں کی میزبانی واپس لینے پر غور کرنا چاہیئے۔ یہ دھمکیاں کرکٹ اور کرکٹرز کو بھی ہیں ، اس لئے آئی سی سی کو کارروائی کرنی چاہیئے ۔

TOPPOPULARRECENT