Sunday , June 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کی ریکارڈ کامیابی،ورلڈکپ کی راہ ہموار

پاکستان کی ریکارڈ کامیابی،ورلڈکپ کی راہ ہموار

گیانا۔12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ونڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1  سے اپنے نام کرنے کے علاوہ ورلڈ کپ 2019 میں راست رسائی حاصل کرلی ہے کیونکہ وہ سیریز میں کامیابی کے ذریعہ عالمی درجہ بندی میں اپنا 8 واں مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہے جبکہ میزبان ویسٹ انڈیز کو اب کوالیفائنگ مرحلے سے گذرنا پڑے گا۔آخری مقابلے اور فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان  نے 234 رنز کا مطلوبہ نشانہ چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں نشانہ کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ کامران اکمل اننگز کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد احمد شہزاد تین اور بابراعظم 16  رنز بنائے اور36  رنزپر تین وکٹیں گرجانے کے بعد محمدحفیظ اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے موقف کو مستحکم کیا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 113 رنزکی شراکت ہوئی تاہم محمد حفیظ 81 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان سرفرازاحمد کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ ملک نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان نے مطلوبہ نشانہ 44 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبرئیل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک کو ذمہ دارانہ بیٹنگ پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قبل آزیں ویسٹ انڈیز نے جیسن محمد اور شے ہوپ کی نصف سنچریوں کی مدد سے پاکستان کو فیصلہ کن میچ اور سیریز میں فتح کیلئے 234 رنز کا ہدف دیا۔گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا اور میزبان ٹیم 31 رنز کے بہتر آغاز کے باوجود 68 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو گئی۔ پہلے ون ڈے کے ہیرو جیسن محمد اور شے ہوپ وکٹ پر یکجا ہوئے اور چوتھی وکٹ کیلئے 101 رنز کی شراکت قائم کر کے ویسٹ انڈیز کو میچ میں واپس لے آئے۔اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں خصوصاً محمد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی لیکن جنید خان نے 59 رنزبنانے والے بیٹسمین کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔جوناتھن کارٹر نے چھکا لگا کر اپنے جارحانہ عزائم ظاہر کئے لیکن شاداب کی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے جبکہ 71 رنز بنانے والے ہوپ کی اننگز کا خاتمہ بھی شاداب کے ہاتھوں ہوا۔اختتامی اوورز میں پاکستانی بولرروں کی متاثر کن بولنگ کے سبب ویسٹ انڈیز کی ٹیم زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 233 رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر، جنید خان اور شاداب خان نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT