Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کی شکست پر مائیکل وان کا بیان، رمیز راجہ کی تنقید

پاکستان کی شکست پر مائیکل وان کا بیان، رمیز راجہ کی تنقید

شارجہ ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کی جانب سے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر شبہات سختی سے مسترد کردیئے۔ وان نے منگل کو تیسرے ونڈے کے دوران پاکستان کے حوالے سے کہا تھا: ’’تین رن آؤٹ اور کچھ مشکوک شاٹس … ایسا میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘‘ اس کے بعد ایک ٹویٹ میں وان نے کہا: ’’وہ سب شاید سمجھتے ہیں کہ ہم بے وقوف ہیں۔‘‘ وان نے کچھ دیر بعد ان ٹویٹس کو حذف کردیا۔ تاہم تب تک متعدد افراد سابق انگلش کپتان پر پاکستان سے تعصب رکھنے کا الزام عائد کرچکے تھے۔ جاریہ ونڈے سیریز میں کمنٹری کررہے رمیز نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں وان کی جانب سے اس بیان کو ’سستی شہرت‘ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ رمیز نے کہا: ’’وان کے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھے اور میرے خیال سے وہ سوشل میڈیا سے جڑے رہنے کیلئے سستی شہرت حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔‘‘ رمیز نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی وکٹوں کے درمیان دوڑ ہمیشہ ہی خراب رہی ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ محمد حفیظ اچھے رنر نہیں ہیں جبکہ ٹیم دباؤ پڑنے پر گھبراہٹ کا شکار ہوجاتی ہے، اس میں کچھ نیا نہیں۔ تیسرے ونڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور ایک موقع پر 132/2 بنائے لیکن پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کے تین بلے باز رن آؤٹ ہوئے ۔انگلینڈ میچ جیت کر سیریز میں 2-1 سے آگے ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT