Friday , May 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کی ویسٹ انڈیز میں تاریخ ساز ٹسٹ کامیابی

پاکستان کی ویسٹ انڈیز میں تاریخ ساز ٹسٹ کامیابی

ڈومینیکا۔15 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) تیسرے اور آخری کرکٹ ٹسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو101 رنز سے شکست دی ۔ ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں304 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی اس تاریخ ساز کامیابی میں کئی بار اعصاب شکن مراحل آئے ۔ ایک مرحلے پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی تاہم پاکستان نے آخری دوسرے اوور میں کامیابی حاصل کی۔ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین شینن گیبریئل تھے جنھیں یاسر شاہ نے بولڈ کر کے پاکستان کو تاریخ ساز کامیابی دلائی۔پاکستان کے اسپنر یاسر شاہ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا انھوں نے اس سیریز میں25 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر پہلی مرتبہ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور ساتھ ساتھ اپنے کریئر کا آخری میچ کھیلنے والے یونس خان اور کپتان مصباح الحق کو بھی یادگار انداز میں رخصت کیا۔مہمان ٹیم کی جانب سے روسٹن چیس نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے تاہم ان کی یہ اننگز بھی ویسٹ انڈیز کو شکست سے نہ بچا سکی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے پانچ، حسن علی نے تین، جب کہ محمد عامر اور محمد عباس نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل میچ کے چوتھے دن پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 174 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔مہمان ٹیم کی جانب سے یاسر شاہ نے اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کے لئے قیمتی61 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو129 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ اس ٹسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT