Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کے انگلینڈ ٹور کا اچھا آغاز ، سومرسٹ کیخلاف 359/8

پاکستان کے انگلینڈ ٹور کا اچھا آغاز ، سومرسٹ کیخلاف 359/8

یونس کی سنچری، مسعود اور شفیق کی ففٹیاں ۔ سومرسٹ جوابی اننگز میں پسپا، عامر کو ابتدائی چار میں 3 وکٹیں
ٹانٹن، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمن یونس خان نے انگلینڈ کے پہلے ہی ٹور میچ میں عمدہ سنچری بنائی اور سومرسٹ کے خلاف ٹیم کو قابل لحاظ اسکور کھڑا کرنے میں مدد کی ہے۔ مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ اگرچہ وہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے لیکن یونس کی سنچری (104 رنز) کے علاوہ اوپنر شان مسعود (62) اور مڈل آرڈر بیٹسمن اسد شفیق (80) کی ففٹیوں کے بل بوتے پر پاکستانیوں نے پہلی اننگز سہ روزہ میچ کے آج دوسرے دن 359/8 پر ڈیکلیر کردی۔ یونس نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ہر ٹیم میزبان بولروں کے خلاف مشکلات کا شکار رہی ہے لیکن پاکستانی بلے بازوں نے پہلی دفعہ ٹور کا اچھا آغاز کیا ہے اور ہم انگلش ٹیم کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔ پاکستانیوں کی طرف سے نہ صرف اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ ہوا بلکہ سب کی نظروں کا مرکز محمد عامر نے زبردست بولنگ کے ساتھ انگلینڈ کی سرزمین پر واپسی کی ہے۔ مصباح نے توقع کے مطابق عامر سے بولنگ شروع کرائی اور پہلے اسپل میں انھوں نے دو بیٹسمنوں کو پویلین لوٹا دیا۔ تادم تحریر پیٹر ٹریگو زیرقیادت سومرسٹ والے جوابی اننگز میں دوسرے سیشن میں 128 پر ڈھیر ہوگئے۔ عامر نے ابتدائی چار میں تین وکٹیں لئے۔ دیگر وکٹیں سہیل خان(3)، راحت علی (2) اور یاسر شاہ (2) کو ملے۔

TOPPOPULARRECENT