Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان کے سینئر کرکٹرس پر وسیم اکرم کی تنقید

پاکستان کے سینئر کرکٹرس پر وسیم اکرم کی تنقید

ہیڈکوچ کے مسئلہ پر محسن خاں اور عاقب جاوید بالواسطہ نشانہ
کراچی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنے ملک کے ان چند سرکردہ کرکٹ کھلاڑیوں پر سخت تنقید کی جنہوں نے قومی ٹیم میں ہیڈکوچ کے عہدہ کیلئے درخواست دینے سے محض اس لئے انکار کردیا تھا کہ امیدواروں کے انتخاب کے عمل میں وہ (وسیم اکرم) بھی شامل ہیں۔ وسیم اکرم نے اگرچہ کسی کا نام نہیں لیا، تاہم سابق ٹسٹ کرکٹرس محسن خاں اور عاقب جاوید کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے یہ پتہ چلنے پر انہیں سخت مایوسی ہوئی کہ چند سابق کھلاڑیوں نے محض اس لئے درخواست نہیں دی کیونکہ وہ محسوس کرتے تھے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی رمیز راجہ اور ان (وسیم اکرم) کی طرف سے کسی بیرونی کوچ کے تقرر کی ہدایت کرچکا تھا۔ وسیم اکرم نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کا رویہ اور انداز فکر ہے۔ ایک سابق کرکٹر کہتا ہے کہ میں درخواست داخل کروں گا اور چیرمین سے راست بات کروں گا۔ اگر آپ کا ذہن اس انداز کا ہو تو کوئی کیسے ہی امید کرسکتا ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اچھی طرح کام کرسکتا ہے‘‘۔ پی سی بی نے اپنی قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کے خواہشمند امیدواروں کے انتخاب کیلئے اکرم اور رمیز راجہ کو مقرر کیا تھا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ وہ ہمیشہ ہی اپنے سینئر کھلاڑیوں کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ عزت و احترام باہمی طور پر کئے جاتے ہیں، کسی کو ہرگز یہ توقع نہیں کرنا چاہئے کہ ہر کوئی ان کا احترام کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT