Thursday , October 19 2017
Home / ہندوستان / پاکستا ن میں ’ ہارٹ آف ایشیا ‘ کانفرنس ‘ سشما سوراج مدعو

پاکستا ن میں ’ ہارٹ آف ایشیا ‘ کانفرنس ‘ سشما سوراج مدعو

ہندوستان نے شرکت کا ہنوز فیصلہ نہیں کیا ۔ دعوت نامہ کے مختلف پہلووں پر غور جاری
نئی دہلی 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ آیا وزیر خارجہ سشما سوراج ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرینگی یا نہیں ۔ یہ کانفرنس پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے اور پاکستان نے سشما سوراج کو شرکت کی دعوت دی ہے ۔ سرکاری طور پر آج یہ بات بتائی گئی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے توثیق کی کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کیلئے سشما سوراج کومدعو کرنے دعوت نامہ مل چکا ہے ۔ یہ کانفرنس افغانستان کے تعلق سے اسلام آباد میں 7 اور 8 ڈسمبر کو منعقد ہو رہی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا وزیر خارجہ ہند اس میں شرکت کرینگی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دعوت نامہ کے تعلق سے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ ایک گوشہ یہ رائے رکھتا ہے کہ چونکہ افغانستان میں ہندوستان کی بہت دلچسپی ہے ایسے میں ہندوستان کو اس کانفرنس میں شرکت کرنی چاہئے ۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ وزارتی سطح سے کم سطح کی نمائندگی اگر کی جاتی ہے تو یہ ہندوستان کیلئے مناسب نہیں ہوگا ۔ ایک تاثر یہ بھی دیا جا رہا ہے کہ اگر سشما سوراج پاکستان کا سفر کرتی ہیں تو پھر پاکستان سے اٹھنے والی دہشت گردی کے تعلق سے ہندوستان کی تشویش کا اثر کم ہوجائیگا ۔ ایسے دورہ کے موقع پر سشما سوراج کو اپنے پاکستان ہم منصف سرتاج عزیز سے بھی باہمی بات چیت کرنی ہوگی اور فی الحال ہندوستان اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اس سطح پر بات چیت کرنا نہیں چاہتا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان بات چیت کے اس عمل کو بحال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جسکے تعلق سے دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور نواز شریف نے اوفا میں اتفاق کیا تھا ۔ اس اتفاق رائے کے تحت دونوں ملکوں کے مشیران قومی سلامتی کے مابین ملاقات ہونی چاہئے اور دہشت گردی سے متعلق تمام امور و مسائل پر بات چیت ہونی چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT