Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاک۔ورلڈ الیون ٹوئنٹی20سیریز کا آج فیصلہ کن مقابلہ

پاک۔ورلڈ الیون ٹوئنٹی20سیریز کا آج فیصلہ کن مقابلہ

 

ہاشم آملہ اور بابر آعظم سے ایک اور بہتراننگز کی امید

لاہور ، 14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فاف ڈوپلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون ٹیم نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹوئنٹی 20مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رواں سیریز کو نہ صرف 1-1سے برابر کردیا بلکہ کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلہ تک سیریز کے فیصلہ کو پہنچا دیا ہے ۔ کل یہاں کھیلے جانے والے تیسرے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دونوں ہی ٹیمیں سیریز پر قبضہ کرسکتی ہیں ۔ ابتدائی مقابلہ میں شکست کے بعد دوسرے مقابلہ میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے جارحانہ اوپنر ہاشم آملہ (ناٹ آوٹ 72) اور تشارا پریرا (ناٹ آوٹ 47) کی بہترین اننگز کی بدولت ورلڈ الیون نے دلچسپ مقابلے میں میزبان پاکستان کو ایک گیند باقی رہتے سات وکٹ سے شکست دے کر تین ٹوئنٹی20میچوں کی سیریز کے آزادی کپ میں 1-1 سے برابری کردیا۔پاکستان نے چھ وکٹ پر 174رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن ورلڈ الیون نے 19.5 اوور میں تین وکٹ پر 175رن بناکرکامیابی حاصل کرلی لیا۔ آملہ اور پریرا نے چوتھے وکٹ کے لئے صرف 35 گیندوں میں 69رن کی میچ فاتحانہ ناٹ آوٹ شراکت کی۔ ورلڈ الیون کو آخری دو گیندوں پر جیت کے لئے چھ رن درکار تھے اور پریرا نے رومان رئیس کی پانچویں گیند پر کامیابی کا چھکا لگا یا۔آملہ نے ایک سرے پرجم کر کھیلتے ہوئے 55گیندوں پر ناٹ آوٹ 72رن میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ پریرا نے 19گیندوں پر ناٹ آوٹ 47رن میں پانچ چھکے لگائے ۔ تمیم اقبال نے 23، ٹیم پین نے 10اور کپتان فاف ڈوپلیسیس نے 20رن بنائے ۔پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، سہیل خان اور محمد نواز نے فی کس ایک وکٹ حاصل کیا ۔بابراعظم (45)، احمدشہزاد (43) اور شعیب ملک (39) کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے چھ وکٹ پر 174رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا ۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کل کھیلا جانے والا فیصلہ کن مقابلے ٹیموں کے علاوہ پاکستانی عوام کے لئے بھی دلچپسی کا باعث ہے کیونکہ مقامی شائقین کو 8 سال بعد اپنے میدان میں بین الاقوامی مقابلے کے مشاہدہ کا موقع مل رہا اور کل پاکستان میں ہفتہ واری تعطیل بھی ہے۔ جمعہ کی شب کھیلی جانے والے اس مقابلے میں شائقین کی ایک بڑی تعداد کی امید کی جارہی ہے جبکہ ورلڈ الیون ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلسی نے ان عزائم کا اظہار کیا ہے ان کی ٹیم دوسرے مقابلے کے مظاہروں کے سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ اور سیریز اپنے نام کرے گی۔دوسری جانب میزبان کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوسرے مقابلے میں بہتر مظاہرہ کے باوجود ٹیم کو ایک قریبی شکست برداشت کرنی پڑی ہے لیکن فیصلے کن مقابلے میں ٹیم بہتر واپسی کرے گی۔یادرہے کہ ابتدائی دونوں مقابلوں میں سرفراز بہتربیٹنگ نہیں کرپائے اور ان سے ایک بہتر اننگز متوقع ہے۔ورلڈ الیون ٹیم کی کامیابی میں اسٹار بیٹسمین ہاشم آملہ اہمیت کے حامل ہوں گے جب کہ پاکستان کیلئے بابر آعظم بڑے اسکور کیلئے اہم کھلاڑی ہیں جنہوں نے دونوں مقابلوں میں بہتر مظاہرے کئے ہیں ۔فیصلہ کن مقابلہ میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمدعامر کو شائقین ایکشن میں دیکھنے کے خواہاں ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT