Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / پتانجلی پراڈکٹ کے عدم استعمال پر بھی قوم دشمن کہنے کا اندیشہ : کنہیا

پتانجلی پراڈکٹ کے عدم استعمال پر بھی قوم دشمن کہنے کا اندیشہ : کنہیا

ناگپور۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسٹوڈنٹ لیڈر کنہیا کمار نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ سماج کے کئی طبقات خوف کے ماحول میں جی رہے ہیں، آج کہا کہ موجودہ حالات میں پتانجلی برانڈ کا فیس واش استعمال نہ کریں تو بھی قوم دشمن قرار دیئے جانے کا اندیشہ ہے۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر نے کہا کہ آج کل ملک میں خوف کا ماحول اس طرح ہوگیا ہے کہ اگر آپ پتانجلی پراڈکٹ استعمال نہیں کرتے ہیں تب آپ کو قوم کا دشمن کہا جائے گا۔ پتانجلی آیوروید یوگا گرو بابا رام دیو کی قائم کردہ انڈین ایف ایم سی جی فرم ہے۔ کنہیا اپنی ہندی کتاب بہار سے تہاڑ کے مرٹھی چربے کی رسم اجرائی کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ یہ تقریب دلتوں کے مثالی لیڈر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی گئی۔ کنہیا کمار نے کہا کہ بابا صاحب نے دستور اس انداز میں ترتیب دیا کہ اس نے سماج کے ہر فرد کو کئی طرح سے آزادی فراہم کی ہے لیکن یہ آزادی سے سماج کے بڑے حصے کو محروم کیا جارہا ہے۔

 

ہوٹلوں میں غذا کے زیاں پر قانون کی کوئی تجویز نہیں : پاسوان
نئی دہلی ۔ 13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ایسی کوئی قانون سازی نہیں کرے گی جس کے تحت ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں غذا کے زیاں پر قابو پایا جاسکے۔ مرکزی وزیرامور صارفین رام ولاس پاسوان نے کہا کہ اس کے بجائے اس سلسلہ میں رضاکارانہ طور پر شعور بیدار کرکے غذا کے زیاں کا انسداد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں انہوں نے کہا تھا کہ صارفین ضرورت سے زیادہ غذا منگواتے اور بعدازاں اسے ضائع کردیتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT