Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پجارا اور ساہا کی شراکت داری سب سے بہترین ‘ کوہلی

پجارا اور ساہا کی شراکت داری سب سے بہترین ‘ کوہلی

ٹیم اچھے موقف میں ہے : ہندوستانی کپتان ۔ ہینڈس کومب و مارش نے میچ بچایا ‘ اسٹیو اسمتھ
رانچی 20 مارچ ( سیاست ڈآٹ کام ) ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی نے آج اپنی ٹیم کے بلے بازوں چھتیشور پجارا اور وردھی مان ساہا کی ستائش کی جنہوں نے کل آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے چوتھے دن 199 رنوں کی ریکارڈ رفاقت نبھائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ان کے خیال میں سب سے بہترین شراکت داری تھی ۔ پجارا نے 202 اور ساہا نے 117 رنز جوڑے تھے اور ان کی مدد سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 603 رنوں کا بڑا اسکور کرتے ہوئے 152 رنوں کی سبقت حاصل کرلی تھی ۔ آج میچ ڈرا ہوجانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ کے ایل راہول  اور مرلی وجئے نے بھی ٹیم کیلئے بہترین بیٹنگ کی تھی لیکن جو شراکت داری پجارا اور ساہا کے درمیان نبھائی گئی وہ ان کی اب تک دیکھی گئی تمام شراکت داریوں میں سے ایک ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے کہا کہ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہم 150 رنوں کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ اس وقت کل آسٹریلیا کے دو وکٹس بھی گر گئے تھے اور ہم کو لگ رہا تھا کہ ہم کو میچ جیتنے کا موقع دستیاب ہے ۔ تاہم دو آسٹریلیائی بلے بازوں شون مارش اور پیٹر ہینڈس کومب نے آج 124 رنوں کی رفاقت نبھاتے ہوئے ہم کو کامیابی سے روک دیا ۔ دونوں نے بہترین بیٹنگ کی ہے ۔ ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ان کی ٹیم اب بہترین انداز میں کھیل رہی ہے اور اب یہ کسی بھی ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرسکتی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم اب خود کو اچھے موقف میں لے آ چکے ہیں۔ ویراٹ نے کہا کہ اس میچ میں ٹاس ہارنا ٹیم کیلئے اچھا نہیں تھا ۔ خود ان کیلئے زخمی ہوکر میدان سے باہر رہنا بھی ایک مشکل مرحلہ تھا اور وہ اپوزیشن کو اچھا اسکور کرتے دیکھ رہے تھے جو اور بھی مشکل تھا لیکن ہم نے بھی جواب میں بہترین بیٹنگ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں اب مشکل صورتحال کو بھی پیچھے چھوڑنے کا جذبہ ہے اور ان کی جسمانی فٹنس ‘ دہنی استطاعت بھی بہت اچھی ہوگئی ہے اور اب ٹیم اچھے موقف میں آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم دھرم شالہ میں ہونے والے چوتھے ٹسٹ میں بھی اچھا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریگی ۔ آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بھی مارش اور ہینڈس کومب کی شراکت داری کو میچ بچانے والی مزاحمت قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین ٹسٹ تھا ۔ جس انداز سے ٹیم کے بلے بازوں نے بیٹنگ کی ہے اس پر انہیں فخر ہے ۔ ہم نے صبرآزما جدوجہد کی ہے ۔ دونوں بلے بازوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے جو ہمارے بہت اہمیت کا حامل تھا ۔ یہ مظاہرہ ایک مشکل اور اہم وقت میں کیا گیا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT