Thursday , July 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / پجارا کی سنچری ، ہندوستان 360/6

پجارا کی سنچری ، ہندوستان 360/6

رانچی ۔18 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) چتیشور پجارا نے دن بھر بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کے اسکور 360/6 میں اپنی اہم سنچری کا تعاون دیا ہے۔ جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن (جے ایس سی اے ) اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹسٹ کے آج تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ہنوز 51 رنز کا خسارہ رہا ۔ کل کے اسکور 120/1 سے آج ہندوستانی ٹیم نے آگے کھیلنا شروع کیا تو اس کے کلیدی کھلاڑی چتیشور پجارا رہے جنھوں نے کپتان ویراٹ کوہلی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد مزید ذمہ داری نبھائی ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم اپنے مظاہروں سے مطمئن ہوگئی ، کیونکہ جس وکٹ پر بیٹنگ گزشتہ دو ٹسٹ میچوں کے مقابل آسان تھی اُس پر دن بھر کے کھیل کے بعد صرف 240 رنز دیئے ، جبکہ ہندوستان بھی اپنے مظاہروں سے مطمئن ہی ہوگا کیونکہ اُس نے تیسرے دن صرف 4 وکٹیں گنوائیں ہیں۔ پجارا نے اپنے کل کے اسکور 10رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور آسٹریلیائی ٹیم کی جانب سے بنائے جانے والے دباؤ کا بہترین سامنا کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی گیارہویں سنچری اسکور کی ہے ۔ پجارا 130 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی ہے جوکہ چھ گھنٹے اور 52 منٹوں پر مشتمل ہے ، جس میں انھوں نے 328 گیندوں کا سامنا کیااور 17 چوکے لگائے ۔ دن کے اختتام پر انھیں وکٹ کیپر بیٹسمین وردھمان ساہا کا بہترین ساتھ ملا ، جس میں انھوں نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کئے ہیں، جس میں تین چوکے بھی شامل ہیں۔ آخری سیشن کے اختتامی لمحات میں جوش ہیزل ووڈ نے کرون نائیر کی آف اسٹمپ کو بکھیرتے ہوئے آسٹریلیا کو ایک اہم کامیابی دلوائی ، کیونکہ نائیر 47 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز کرنے کے علاوہ پجارا کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلئے 44 رنز کی پارٹنرشپ نبھالی تھی اور دونوں کھلاڑی اعتماد کے ساتھ کھیل رہے تھے ۔ آسٹریلیا کیلئے کامیاب ترین بولر پیٹ کمنس ثابت ہوئے ، جنھوں نے 59ر نز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس میں روی چندرن اشون کی وکٹ بھی شامل ہے جس کیلئے مہمان ٹیم نے ڈی آر ایس کا کامیاب استعمال کیا ۔ اشون 22گیندوں میں صرف 3 رنز ہی بنا پائے۔ ہندوستان کیلئے کپتان ویراٹ کوہلی کا رواں سیریز میں یکے بعد دیگرے مسلسل ناکام ہونا پریشان کن ہے ، جیسا کہ زخمی کاندھے کے ساتھ کھیل رہے کوہلی نے وکٹ پر 23 گیندوں کا سامنا کیا اور چھ رنز بنائے ، جس میں ایک بھی باؤنڈری شامل نہیں ہے ۔ کوہلی کو کمنس نے اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ جس وقت کوہلی زخمی ہونے کے باعث میدان پر موجود نہیں تھے ، اُس وقت ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے اجنکیا رہانے بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ، جیسا کہ انھوں نے 33 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 14 رنز اسکور کئے ہیں۔ قبل ازیں پجارا اور مرلی وجئے نے ٹیم کی حکمت عملی کو بہتر انداز سے روبہ عمل لاتے ہوئے دوسری وکٹ کیلئے 102 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی اور یہ ہوم سیزن کے دسویں ٹسٹ میں چھٹی سنچری پارٹنرشپ ہے ۔ دونوں کھلاڑی ابتدائی سیشن میں وکٹ نہ گنوانے کا منصوبہ مکمل کرتے دکھائی دیئے لیکن وجئے اسٹیو او کیف کی گیند پر آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہوئے ، جس کے بعد لنچ کا وقفہ لیا گیا ۔ آؤٹ ہونے سے قبل وجئے نے 183 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز اسکور کئے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT