Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / پرائمری ہیلت سنٹرس بلدیہ کے ذریعہ چلانے کی تجویز

پرائمری ہیلت سنٹرس بلدیہ کے ذریعہ چلانے کی تجویز

محلہ کلینکس کی طرز پر عصری سہولتیں فراہمی پر غور، حکومت تلنگانہ کے اقدامات
حیدرآباد۔6اگسٹ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں صحت کے امور اور بہتر نگہداشت کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اقدامات کا آغاز کیا جانے لگا ہے اور محکمہ صحت کے زیر انتظام چلائے جانے والے شہری پرائمری ہیلت مراکز کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حوالے کرنے کا منصوبہ تیار کیا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ بہت جلد جی ایچ ایم سی کی جانب سے بلدی حدود میں موجود 145 اربن پرائمری ہیلت سنٹرس کو جی ایچ ایم سی کے حوالے کرتے ہوئے ان کی جگہ محلہ کلینک کے طرز پر عصری سہولتوں سے لیس دواخانے شروع کئے جائیں گے۔ شہر حیدرآباد کے حدود میں محلہ کلینک کے آغاز کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں نے چند ماہ قبل تجاویز تیار کی تھیں اور اس سلسلہ میں دہلی کے طرز پر کلینکس کا آغاز کرنے کے لئے اخراجات کا جائزہ لیا گیا تھا لیکن گذشتہ ماہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی سے خواہش کی تھی کہ وہ شہری حدود میں موجود اربن ہیلت مراکز کو بلدیہ کے حوالے کریں تاکہ مجلس بلدیہ ان اربن پرائمری ہیلت مراکز کو محلہ کلینک کے طرز پر ترقی دیتے ہوئے انہیں عصری بنانے کے لئے اقدامات کرسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کی اس درخواست کا جائزہ لیتے ہوئے فوری طور پر 45 ابتدائی طبی مراکز کو حوالے کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے بعد بتدریج شہری حدود میں موجود تمام ابتدائی طبی مراکز کو بلدیہ کے حوالے کرتے ہوئے ان میں خدمات کی انجام دہی کیلئے عملہ میں اضافہ کے علاوہ ان مراکز میں طبی آلات کو بہتر بنانے کے ساتھ معمولی معائنہ جات کیلئے خدمات کے آغازکا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ شہر میں ان طبی مراکز کی ہمہ وقت خدمات کو ممکن بنانے کے عمل کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی مریض کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ محکمہ صحت و بلدیہ کے عہدیداروں کے درمیان جاری مذاکرات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ بلدیہ نے ابتدائی طبی مراکز کو اپنی نگرانی میں لیتے ہی ان میں ای سی جی‘ شوگر اور بلڈ ٹسٹ کے علاوہ دیگر خدمات کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اگر ایساممکن بنایا جاتا ہے تو ایسی صور ت میں شہر حیدرآباد میں تمام شہریوں کو معیاری علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی میں اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT