Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے

پرانہیتا چیوڑلہ پراجیکٹ پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے

پراجیکٹ پر چیف منسٹر کے سی آر کا موقف غیر واضح : قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 فبروری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ اور دوسرے مسائل کا جائزہ لینے کل جماعتی اجلاس یا اسمبلی کا خصوصی سیشن طلب کرنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ پر واضح موقف نہیں ہے اور نہ ہی اس پراجکٹ کیلئے چیف منسٹر سنجیدہ ہیں۔ ڈیزائن تبدیل کرنے کے مسئلہ پر پراجکٹ کی قیمت میں غیرضروری زبردست اضافہ کرتے ہوئے سرکاری خزانہ پر زائد مالی بوجھ عائد کیا جارہا ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے دہلی میں وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کو قومی پراجکٹ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ پراجکٹ کی قیمت 36,000 کروڑ سے بڑھ کر 75,000 کروڑ تک پہنچ جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پراجکٹ کی تعمیری لاگت 110 فیصد بڑھ جانے پر عوام سے وضاحت کرنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ مسٹر محمد علی شبیر نے پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ تعمیر کرنے والے کنٹراکٹرس کیلئے حکومت کی جانب سے 2 ہزار کروڑ روپئے کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو قواعد اور ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے کنٹراکٹرس نے ٹی آر ایس کو مالی فائدہ پہنچایا تھا جس کی وجہ سے حکومت نے بھی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں فائدہ پہنچایا ہے۔ کانگریس پارٹی آر ٹی آئی قانون کا استعمال کرتے ہوئے چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ سے اس مسئلہ پر وضاحت طلب کررہی ہے۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت چند ایسے جی او جاری کرتے ہوئے بے قاعدہ کام کررہی ہے، جس سے حکومت کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔ ایک منظم سازش کے تحت ویب سائیٹ کو غیر کارکرد کرتے ہوئے چند جی اوز جاری کئے گئے ہیں اور اس کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جو حق معلومات قانون 2005ء کی خلاف ورزی ہے۔ یو پی اے حکومت نے سرکاری کاموں میں شفافیت لانے اور حکومت کو عوام کا جوابدہ بنانے کیلئے یہ قانون بنایا تھا، جس کی ٹی آر ایس حکومت خلاف ورزی کررہی ہے اس پر بھی چیف سکریٹری وضاحت کریں۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل نے کانگریس کے قومی قائدین اندرا ساگر اور راجیو ساگر کے ناموں کو تبدیل کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ پراجکٹس کے نام تبدیل کرتے ہوئے ملک اور قوم کیلئے زندگیاں قربان کرنے والے کانگریس کے قائدین کی توہین کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT