Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر حیدرآباد میں سینکڑوں ہونہار نوجوان، صلاحیتوں سے استفادہ کا مشورہ

پرانے شہر حیدرآباد میں سینکڑوں ہونہار نوجوان، صلاحیتوں سے استفادہ کا مشورہ

اندرون تین سال نوجوانوں کو ترقی حاصل کرنے کا موقع، انچارج سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار سے بات چیت

محمد علیم الدین
حیدرآباد۔ 21 مئی ۔پرانے شہرحیدرآباد میں ہونہار نوجوانوں کی کمی نہیں۔ بس انہیں تلاش کرنے اور موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ سٹی پولیس آئندہ 3 سال میں پرانے شہر کے نقشہ کو بدل کر رکھ دے گی اور باصلاحیت نوجوانوں کو ان کی ترقی کا ہر وہ موقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی جس کیلئے وہ مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انچارج کمشنر آف سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے کیا۔ انہوں نے سیاست نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں سوچ بدل رہی ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی اکثریت سرکاری ملازمتوں کے حصول کیلئے پہل کررہی ہے اور ہر اس موقع سے فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے جو ان کے مستقبل کو روشناس کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ سخت محنت اور سچی جستجو کے بغیر کچھ بھی نہیں۔ تاہم اس کے ساتھ ضروری ہیکہ وقت کی قدر کریں۔ وقت کو فضول کاموں میں نہ گنوائیں۔ انہوںنے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ وقت ضائع ہونے والی ہر اس چیز سے پرہیز کریں چونکہ وقت ضائع کرنے کی عادت کاہلی اور تباہی کی طرف رخ موڑ دیتی ہے۔ محنت کرنے کی عادت ڈالیں اور روزانہ زندگی کا ایک ٹائم ٹیبل مختص کرلیں اور اس میں فضول وقت کی تباہی کو کسی بھی قسم کی کوئی جگہ فراہم نہ کریں۔ انہوں نے نوجوان نسل کی تعمیر میں سماج کے ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے شہریوں بالخصوص والدین، اساتذہ، محلہ کے ذمہ دار افراد، پولیس، میڈیا، سیاسی قائدین اور سماجی تنظیموں سبھی کو اپنی ذمہ داری سے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ساوتھ زون میں پولیس کی جانب سے نوجوانوں کیلئے پولیس میں بھرتی کیلئے دی گئی تربیت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ پولیس کے سماجی بھلائی اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ہر مہم کامیاب ہورہی ہے۔ عوام دوست پالیسیوں اور سماج کو جرائم سے پاک کرنے کے سلسلہ میں شروع کردہ ’’کارڈن سرچ‘‘ مہم کے زبردست نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کارڈن سرچ مہم کے بعد متعلقہ عملہ اور بستی سے پولیس کو مبارکبادی کے فون کالس موصول ہورہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ سماج میں ہورہی برائی اور جرائم بالخصوص اپنے اوپر ہورہے ظلم و زیادتی کو بلاخوف پولیس سے رجوع کریں۔ پولیس ہمیشہ عوام کے ساتھ ہے۔

TOPPOPULARRECENT