Monday , August 21 2017
Home / جرائم و حادثات / پرانے شہر میں ناجائز تعلقات رکھنے والے نوجوان کا بہیمانہ قتل

پرانے شہر میں ناجائز تعلقات رکھنے والے نوجوان کا بہیمانہ قتل

نعش زیرتعمیر مکان میں دفن کردی گئی ، ایک ملزم بیرون ملک فرار اور خاتون ملزمہ روپوش
حیدرآباد ۔ 9 فروری ( سیاست نیوز) فلک نما علاقہ سے پُراسرار طور پر لاپتہ این آر آئی کا ناجائز تعلقات کے نتیجہ میں بہیمانہ طور پر قتل کر کے اس کی نعش زیرتعمیر مکان میں دفن کردی گئی ۔ 5 فبروری کو معین پورہ کاماٹی پورہ کے ساکن 35سالہ سید عمران ولد سید قطب الدین جو ابوظہبی میں نیشنل بینک کا کسٹمر سرویس انچارج تھا ‘ علاقہ فلک نما ریتوبازار سے پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا ۔ عمران کی والدہ سید افشاں نے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ فلک نما پولیس نے گمشدگی کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا جس کے دوران سنسنی خیز انکشافات ہوئے ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر چندرائن گٹہ ‘ ہاشم آباد کے ساکن 22سالہ سیف بن ثابت بارعبود کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کے دوران تحقیقاتی عہدیداروں کو پتہ چلا کہ اس کی بھاوج فاطمہ اور بڑی بہن سے سید عمران کے ناجائز تعلقات تھے جس کے سبب اُسے قتل کردیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر محمد تاج الدین احمد کی نگرانی میں پولیس سیف بارعبود کو مقام واردات پر لے گئی جہاں اُس نے نعش کو دفن کرنے کی نشاندہی کی ‘ پولیس نے فارنسک ماہرین کی موجودگی میں نعش کو باہر نکالا اور وہیں پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش کو ورثاء کے حوالے کردیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ مسٹر وی ستیہ نارائنا نے قتل کیس میں دو ملزمین کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سید عمران نے سعید بن ثابت بارعبود جو قطر میں فوجی ملازم ہے ،کی بیوی فاطمہ اور اس کی بڑی بہن سے کچھ عرصہ سے ناجائز تعلقات قائم کرلئے تھے اور مقتول خاندان کی دیگر خواتین کو متعارف کرانے کیلئے فاطمہ سے اصرار کررہا تھا۔ سعید اور سیف بارعبود نے تعلقات کا پتہ چلنے پر منصوبہ کے تحت فاطمہ کی مدد سے سید عمران کو ریتو بازار فلک نما بلایا جہاں سے اس کے زیر تعمیر مکان واقع ہاشم پورہ بنڈلہ گوڑہ لے جایا گیا ۔ منصوبہ بند طریقہ سے باراعبود برادران نے سید عمران کا گلا کاٹ کر قتل کردیا اور دوسرے دن نعش کو دفنانے کیلئے زیر تعمیر مکان میں فاطمہ اور ملزمین کا دوست ہاشم علی کی مدد سے گڑھا کھودا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول اور ملزمین آپس میں رشتہ کے بھائی ہیں ۔ سعید ملک سے فرار ہوگیا جب کہ اس کی بیوی فاطمہ بھی اچانک روپوش ہوگئی ۔ پولیس ان دونوں کو تلاش کررہی ہے۔ پولیس نے گرفتار شدہ ملزمین سیف بن ثابت بارعبود اور ہاشم علی کو آج عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا اور مقتول کی تدفین راجندر نگر علاقہ میں عمل میں آئی۔

TOPPOPULARRECENT