Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کا عزم

پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم بنانے کا عزم

پارٹی کی یوم تاسیس سردار محل کے قریب پارٹی پرچم کشائی ، عبداللہ سہیل کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر پرانے شہر کے کئی علاقوں میں پارٹی پرچم کشائی انجام دی گئی ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے پرانے شہر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا ۔ تاریخی چارمینار پر جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر جی نرنجن کی جانب سے پارٹی پرچم کشائی انجام دی گئی ۔ اس موقع پر سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ دودھ باولی چندرائن گٹہ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں کانگریس کی یوم تاسیس تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ سردار محل کے قریب صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے پارٹی پرچم کشائی کی ۔ اس موقع پر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مسٹر سید نظام الدین سابق رکن اردو اکیڈیمی مسٹر محمد موسیٰ قاسم کے علاوہ قدوس علی ، کاظم حسین خاں ، مرزا عسکر علی بیگ ، محمد ذاکر ، محمد برکت علی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس کو سیکولر جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجلس اور بی جے پی ایک دوسرے پر تنقید کرتے ہوئے صرف سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ پرانے شہر کی ترقی کو نظر انداز کرتے ہوئے مجلس اپنی ذاتی اور سیاسی طاقت کو بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے ۔ حیدرآباد کے تعلق سے بات کرنے کا صدر مجلس اسد الدین اویسی کو اخلاقی حق نہیں ہے کیوں کہ پہلے تو وہ اوسہ سے آئے ہیں پرانے شہر کی نمائندگی کرنے کے باوجود اسد اویسی حمایت نگر اور اکبر الدین اویسی بنجارہ ہلز میں قیام کیے ہوئے ہیں ۔ پرانے شہر کے عوام کن حالت سے گذر رہے ہیں اس کی انہیں کوئی پرواہ نہیں ہے مجلس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور دونوں ہی جماعتیں مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے خود سیاسی فائدہ اٹھا رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ہر قسم کی فرقہ پرستی کے خلاف ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو مساوی ترقی دینے کے حق میں ہے ۔ مسلمانوں اور پرانے شہر کی جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ کانگریس کے دور اقتدار میں ہوئی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT