Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر کی مجموعی ترقی کے لیے خانگی کمپنیوں کی خدمات میں بہتری لانے کی ضرورت

پرانے شہر کی مجموعی ترقی کے لیے خانگی کمپنیوں کی خدمات میں بہتری لانے کی ضرورت

بنیادی سہولتوں اور بینک کاری سے ترقی ناممکن ، خانگی ریستوران سے ڈور ڈیلیوری بھی دستیاب نہیں
حیدرآباد۔15مئی (سیاست نیوز) شہر کی مجموعی ترقی صرف شہر میں بنیادی سہولتوں کی بہتری یا بینک وغیرہ کی موجودگی نہیں رہی بلکہ اب شہر میں خانگی اداروں کی خدمات کی فراہمی بھی شہر میں فراہم کی جانے والی سہولیات میں شمار ہونے لگی ہیں اور شہری اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ شہر کے کس حصہ میں کتنی سہولتیں موجود ہیں اور کتنی سہولتوں سے باضابطہ استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ حیدرآباد میں پرانے شہر میں سہولتوں کی عدم موجودگی کی متعدد شکایات کی جاتی رہی ہیں لیکن ان شکایات کو دور کرنے کے اقدامات ہوتے نظر نہیں آتے لیکن بتدریج اس بات کو نوٹ کیا جا رہا ہے کہ پرانے شہر میں خانگی کمپنیوں کی خدمات بھی محدود ہوتی جا رہی ہیں اور بیشتر فوڈ ڈیلیوری کرنے والی کمپنیاں پرانے شہر کے علاقو ںمیں خدمات کی فراہمی سے اجتناب کر رہی ہیں جبکہ پرانے شہر میں بھی ایسے کئی گھرانے ہیں جو گھر بیٹھے ہوٹل سے کھانا آرڈر کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اپنے رہائشی علاقہ میں یہ سہولت دستیاب نہیں ہو رہی ہے جس کے سبب انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں شہرو ںمیں کئی ایسی کمپنیاں ہیں جو مختلف ملٹی نیشنل ریسٹورنٹس اور مقامی ہوٹلوں کا کھانا گھر بیٹھے فراہم کرتے ہیں لیکن ان کمپنیوں کی میں پرانے شہر کے بیشتر علاقہ جات کا احاطہ نہیں کیا جاتا جس کی بنیادی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ پرانے شہر کے حدود میں کوئی ایسی ہوٹل موجود نہیں ہے جو فوڈ اسٹینڈرڈ سیکیوریٹی کارپوریشن کا لائسنس نہیں رکھتے جو کہ مختلف ڈیلیوری فراہم کرنے والی کمپنیوں نے لازمی قرار دیا ہے جس کے سبب پرانے شہر کے کئی علاقوں میں کھانے کی ڈیلیوری کا انتظام نہیں ہے۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موجود فوڈ نیٹ ورک اور انٹرنیشنل ریسٹورنٹس میں موجود گاہکوں میں بڑی تعداد پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ہے اور پرانے شہر کے خاندان بھی ان ریستوراں کو جاتے ہیں لیکن ان ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے پرانے شہر میں آؤٹ لیٹ کھولنے کے متعلق غور نہیں کیا جاتا جس کی وجوہات کے متعلق دریافت کرنے پر شہر کے اس خطہ میں بنیادی سہولتیں نہ ہونے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے آؤٹ لیٹ کیلئے جو معیارات مقرر کئے جاتے ہیں ان کے مطابق شہر کے اس خطہ میں جگہ دستیاب نہیں ہوتی۔ پرانے شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ خانگی کمپنیوں کی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائے جانے کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب پرانے شہر کے عوام اپنے شعور کا ثبوت دیتے ہوئے ان کمپنیوں سے خدمات کی فراہمی کا مطالبہ کریں اور پرانے شہر میں موجود ریسٹورنٹس کے مالکین و انتظامیہ کی جانب سے ان کمپنیوں کی درکار دستاویزات و لائسنس کی فراہمی ممکن بنائیں تاکہ شہر حیدرآباد کے مختلف علاقو ںمیں موجود سہولتیں پرانے شہر کے عوام کو بھی حاصل ہو سکیں۔

TOPPOPULARRECENT