Friday , July 21 2017
Home / شہر کی خبریں / پرانے شہر کے بعد نئے شہر میںبھی غیر معلنہ برقی کٹوتی

پرانے شہر کے بعد نئے شہر میںبھی غیر معلنہ برقی کٹوتی

محکمہ برقی کی عدم دلچسپی سے عوام کو تکالیف کا سامنا، گرمی کی شدت سے صورتحال ابتر
حیدرآباد۔23اپریل (سیاست نیوز) شہر میں برقی سربراہی میں خلل کی شکایات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور پرانے شہر کے ساتھ ساتھ نئے شہر کے بھی کئی علاقو ںمیں برقی سربراہی میں خلل کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ برقی کی جانب سے عدم توجہی کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دونوں شہروں میں گنجان آبادی والے علاقوں کے عوام کو روزانہ دیڑھ تا 2گھنٹے برقی سربراہی میں خلل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔پرانے شہر کے کئی علاقوں کے علاوہ نئے شہر میں بھی برقی سربراہی میں خلل کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں شدید گرمی کے سبب برقی کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کی وجہ سے صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے اوران حالات میں مرمت کے کاموں کی انجام دہی کے لئے برقی سربراہی کو منقطع کیا جانا ضروری ہوتا ہے اسی لئے جن مقامات پر برقی سربراہی میں خلل پیدا ہو رہا ہے ان مقامات پر مرمت کے کام انجام دیئے جانے کے سبب برقی بحالی میں تاخیر ہورہی ہے۔عہدیداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی اس دلیل کے مطابق شہر کے ان مقامات پر جہاں برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے وہیں درستگی کے کام انجام دیئے جانے کے سبب ایک تا دو گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہتی ہے لیکن دونوں شہروں کے کئی محلہ جات ایسے ہیں جہاں سے روزانہ یہ شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ ان کے محلہ جات میں روزانہ برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے جس سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ شہر میں محکمہ برقی اور حکومت کی جانب سے غیر معلنہ برقی کٹوتی شروع کردی گئی ہے اور ہر اس علاقہ میں جہاں برقی کا استعمال زیادہ ہوتا ہے وہاں برقی سربراہی منقطع کی جانے لگی ہے۔محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں برقی پیداوار میں موجود قلت کو دیگر ریاستوں سے برقی خریدی کے ذریعہ پورا کیا جانا لگا ہے اسی لئے یہ کہنا درست نہیں ہے کہ غیر معلنہ برقی کٹوتی کا آغاز کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسم گرما کی شدت کے سبب پیدا شدہ ان مسائل سے نمٹنے میں محکمہ کے ملازمین کو بھی چند مسائل درپیش ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شہر اور اطراف کے علاقوں میں معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کو ممکن بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT