Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / پرتگال تاریخ میں پہلی بار یورپین چمپئن ، فرانس ناکام

پرتگال تاریخ میں پہلی بار یورپین چمپئن ، فرانس ناکام

فائنل کے اضافی وقت میں مہمانوں کی 1-0 سے کامیابی ۔ متبادل کھلاڑی ایڈر نے خوبصورت کک پر میچ کا واحد گول کیا

پیرس ، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں پرتگال تاریخ میں پہلی بار یورپین چمپئن بن گیا۔ متبادل کھلاڑی ایڈر کے گول کی بدولت پرتگال نے پسندیدہ ٹیم فرانس کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کرکے یورو کپ 2016ء جیت لیا۔ پیرس کے سینٹ ڈینس گراؤنڈ میں گزشتہ شب کھیلے گئے یورو فٹبال کپ کے فیصلہ کن معرکے میں پرتگال اور میزبان فرانس کی ٹیموں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 9ویں منٹ میں میزبانوں کو گول کرنے کے دو بہترین مواقع ملے لیکن پرتگالی گول کیپر نے گیند کو جال تک نہ پہنچنے دیا۔ 24ویں منٹ میں پرتگالی ٹیم کے کپتان رونالڈو زخمی ہوکر مقابلے سے باہر ہوگئے۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی گول نہ ہوسکا۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے منظم کھیل پیش کیا مگر پھر بھی کوئی گول نہیں ہوا۔ فرانس کو فائنل تک پہنچانے والے گریز مین بھی میچ میں کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت میں میچ کا اسکور 0-0 تھا۔ تاہم اضافی وقت میں پرتگال کے متبادل کھلاڑی ایڈرز نے خوبصورت کک لگا کر میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کیا اور ٹیم کو پہلی بار یورپین چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ پرتگال کی ٹیم یورو کپ کی تاریخ میں پہلی ٹیم بن گئی جس نے ایک ہی ٹورنمنٹ میں اضافی وقت میں گول کرکے میچ جیتا۔ خیال رہے کہ پرتگال نے ٹورنمنٹ کے 35 میچوں کے بعد پہلی بار یورپین چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ 2004ء میں پرتگال کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی تھی لیکن یونان کے خلاف 0-1 سے شکست کھا گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT