Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / پرتگال میں جنگلاتی آگ ۔ 62 سے زائد ہلاکتیں

پرتگال میں جنگلاتی آگ ۔ 62 سے زائد ہلاکتیں

 

لزبن ۔ 18جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پرتگال کے جنگلات میں آتشزدگی کے دوران اب تک کم از کم 62انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ زیادہ تر افراد جنگلاتی علاقوں سے گزرنے کے دوران اپنی کاروں میں پھنس جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔پرتگال کے وزیر اعظم انتونیو کوسٹا نے اتوار کو اپنے بیان میں اس آتشزدگی میں انسانی جانوں کے ضیاع کو ایک بہت بڑی تباہی سے تعبیر کیا۔ داخلہ سیکرٹری خورگے گومیس نے بتایا کہ آگ ہفتے کی دوپہر ملک کے کم آبادی والے خطے ’لائریا‘ میں لگی۔ ان کے بقول ان میں سے کم از کم سولہ افراد اس وقت ہلاک ہوئے، جب انہوں نے اپنے کاروں کے ذریعے دھوئیں کے بادلوں کے درمیان سے گزرنے کی کوشش کی، ’’یہ ہلاکتیں پیدروگوا گراندے کے علاقے میں ہوئیں،جو دارالحکومت لزبن سے ڈیڑھ سو کلومیٹر شمال مشرق کی جانب واقع ہے۔‘‘خورگے گومیس کے بقول آگ بجھانے والے عملے کے چھ سو زائد کارکن ہفتے کی دوپہر سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔ آتشزدگی کی اصل وجہ تو ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم گزشتہ کئی دنوں سے پرتگال میں موسم انتہائی گرم ہے اور کچھ علاقوں میں تو درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ایک مقامی رہائشی ازابیل براندوا نے بتایا،’’ہفتے کے روز ہم نے دھواں اور آگ کے شعلے دیکھے تھے۔ ہم نے سوچا کہ یہ آگ تو کہیں بہت دور لگی ہوئی ہے۔‘‘ ان کے بقول آج اتوار کی صبح ان کی ساس نے انہیں سوتے سے جگایا اور کہا کہ آگ ان کے گھر تک پہنچ چکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT