Tuesday , June 27 2017
Home / ہندوستان / ’’پردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی کہنا ہوگا ‘‘ میرٹھ میں ہندو یوا واہنی کے پوسٹرس

’’پردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی کہنا ہوگا ‘‘ میرٹھ میں ہندو یوا واہنی کے پوسٹرس

میرٹھ ۔ /15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے شہر میرٹھ میں جگہ جگہ نصب بڑے ہورڈنگس پر یہ عبارت درج کی گئی ہے کہ ’’پردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی جپتے رہنا ہوگا ‘‘ ۔ باور کیا جاتا ہے کہ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی تنظیم ’’ہندو یوا واہنی‘‘ کے ضلع یونٹ صدر کی طرف سے یہ ہورڈنگس لگائے گئے ہیں ۔ شہر کے تمام اہم مقامات بشمول ڈسٹرکٹ کمشنر ، سینئر پولیس عہدیداروں اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروںکی رہائش گاہوں کے قریب بھی یہ ہورڈنگس دیکھے گئے ہیں ۔ وزیراعظم ، چیف منسٹر اور نیرج شری پنچالی کی تصاویر بھی ان ہورڈنگ پر لگائی گئی ہیں ۔ پنچالی کا دعویٰ ہے کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے قائم کردہ ہندو نوجوانوں کی اس تنظیم کا صدر ہے۔ ہورڈنگس پر واضح درج ہے کہ ’’پردیش میں رہنا ہے تو یوگی یوگی کہنا ہے ‘‘ ۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ جے رویندرا گوڑ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ انہوں نے مقامی انٹلیجنس یونٹ سے اس مسئلہ پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ جس کے (موصول ہونے کے ) بعد ہی مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ یوا واہنی کی ریاستی یونٹ کے ایک رکن ناگیندر پرتاپ سنگھ نے رابطہ کرنے پر تاہم کہا کہ پنچالی کو ایک ماہ قبل ہی ضلع یونٹ کے صدر کے عہدہ سے ہٹادیا گیا تھا اور وہ تنظیم کو بدنام کرنے کیلئے اس قسم کی حرکات میں ملوث ہورہا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT