Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / پرساد کمار پارٹی چھوڑنے کے فیصلہ سے دستبردار

پرساد کمار پارٹی چھوڑنے کے فیصلہ سے دستبردار

حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر مسٹر جی پرساد کمار نے لمحہ آخر میں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے مسٹر جی پرساد کمار کو فیصلے سے دستبرداری کیلئے راضی کرالیا۔ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں امیدوار کے انتخاب سے قبل ان سے رائے مشورہ نہ کرنے پر ناراض سابق وزیر مسٹر جی پرساد کمار نے اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا تھا۔ ان کے بیشتر حامیوں نے انہیں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا تھا، جس کے بعد سابق وزیر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کا فون وصول ہونے اور چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی آر ان کے دوست ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بہت جلد کانگریس سے مستعفی ہونے اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ان سے دو مرتبہ ملاقات کی۔ کانگریس پارٹی میں مکمل انصاف کرنے کا تیقن دیتے ہوئے پارٹی تبدیل کرنے کے فیصلے سے دستبردار ہوجانے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کے علاوہ سابق مرکزی مملکتی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا، سابق رکن اسمبلی، مسٹر ڈی سدھیر ریڈی صدر ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی، مسٹر جی ملیش کے علاوہ دوسرے قائدین نے مسٹر جی پرساد کمار کی قیامگاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور پارٹی تبدیل نہ کرنے کی ترغیب دی۔ مستقبل میں ان سے ہر مسئلہ پر مشاورت کرنے ان کی رائے اور تجاویز کو اہمیت دینے کا تیقن دیا۔ رشتہ دار رہنے والے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک نے بھی ٹیلیفون پر پارٹی تبدیل نہ کرنے کا انہیں مشورہ دیا، جس کے بعد کانگریس کے تمام قائدین کی موجودگی میں مسٹر جی پرسادکمار نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین نے مستقبل میں ان سے مکمل انصاف کرنے اور ان کے جذبات و احساسات کو پارٹی ہائی کمان تک پہنچانے کا تیقن دیا، جس کی وجہ سے وہ ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے فیصلے سے دستبرداری اختیار کررہے ہیں۔ وہ ضلع رنگاریڈی میں کانگریس پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے۔ مسٹر ڈی ناگیندر کے بعد مسٹر جی پرساد کمار کانگریس کے ایسے دوسرے قائد ہیں جنہوں نے لمحہ آخر میں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT