Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / پرنب مکرجی نے پرانی یادیں تازہ کیں، کالج کا دورہ

پرنب مکرجی نے پرانی یادیں تازہ کیں، کالج کا دورہ

53 سال قبل سرگرم سیاست میں داخلہ سے پہلے تدریسی فرائض کی انجام دہی
امٹالہ (مغربی بنگال) 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے اُس کالج کا دورہ کیا جہاں 53 سال پہلے وہ تدریسی فرائض انجام دیا کرتے تھے۔ سرگرم سیاست میں داخلہ لینے سے قبل پرنب مکرجی کی یہی مصروفیت تھی۔ انھوں نے کہاکہ ودیا نگر کالج سے اُن کی کافی طویل یادیں وابستہ ہیں۔ انھوں نے 1960 ء کے دہے میں یہاں پانچ سال گزارے اور پولٹیکل سائنس پڑھایا کرتے تھے۔ مغربی بنگال کے ساؤتھ 24 پرگناز ضلع میں واقع اس ادارہ کا انھوں نے جنوری 2013 ء میں دورہ کیا تھا اور نئی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ آج پرنب مکرجی نے ان عمارتوں کا افتتاح انجام دیا۔ انھوں نے کہاکہ بحیثیت ٹیچر اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بمشکل ایک ماہ بعد وہ گورننگ باڈی میں ٹیچرس کے نمائندہ کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ بعدازاں وائس پرنسپل بن گئے۔ یہاں تک کہ اُنھیں بہ اعتبار عہدہ پرنسپل بھی مقرر کیا گیا تھا۔ 1968 ء میں کالج کے بانی صدر آنجہانی ہریندر ناتھ مجمدار کی حوصلہ افزائی پر پرنب مکرجی نے اس عہدہ سے استعفیٰ دیا اور سیاست میں سرگرم ہوگئے۔ صدرجمہوریہ نے پرانی یاد تازہ کرتے ہوئے کہاکہ جب بحیثیت ٹیچر انھوں نے کیرئیر کا آغاز کیا ، کالج میں بمشکل 40 تا 50 طلباء تھے اور اب یہ کالج بڑا ادارہ بن چکا ہے۔

TOPPOPULARRECENT