Monday , May 1 2017
Home / کھیل کی خبریں / پرنیت نے سنگاپور اوپن سوپر سیریز ٹائٹل جیت لیا

پرنیت نے سنگاپور اوپن سوپر سیریز ٹائٹل جیت لیا

بیڈمنٹن میں دو ہندوستانیوں کے درمیان پہلا تاریخی بین الاقوامی مقابلہ

سنگاپور۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ابھرتے ہوئے شٹلر بی سائی پرنیت نے دو ہندوستانیوں کے درمیان تاریخی فائنل میں آج اپنے ہم وطن کے سریکانت کو شکست دے کر سنگاپور اوپن جیت لیا۔ عالمی نمبر 30 پرنیت جو گزشتہ سال کینیڈا اوپن گرینیڈ پری بھی جیت چکے ہیں اور اس سال سید مودی گرینیڈ پری فائنل میں رسائی حاصل کئے تھے۔ 350,000 امریکہ ڈالر مالیتی سنگاپور اوپن فائنل میں سری کانت 21-12، 21-17، 17-21 سے شکست دی۔ پرنیت نے 54 منٹ کے تاریخی مقابلے میں فتح کے بعد فرط مسرت کے ساتھ کہا کہ ایسے کسی کے ساتھ کھیلنا ہمیشہ دشوار ہوتا ہے جس کے ساتھ روزانہ کھیلا کرتے ہیں۔ آج کی جیت پر میں بہت خوش ہوں۔ یہاں ہندوستانیوں کو حاصل ہونے والی داد بھی بہت خوب تھی۔ بین الاقوامی بیڈمنٹن کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی سوپر سیریز کے فائنل میں دو ہندوستانیوں کے درمیان مقابلہ ہوا جو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز بھی ثابت ہوا۔ حیدرآباد کی پولیلا گوپی چند اکیڈیمی کے دو تربیت یافتگان پرنیت اور سری کانت نے اپنی جیت کیلئے ہر ترکیب سے استفادہ کی کوشش کی کیونکہ یہ دونوں دوران تربیت اکثر ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کے سبب ایک دوسرے کے کھیل سے واقف رہے ہیں۔ سریکانت نے پہلے کھیل میں چند مبنی برزاویہ شاٹس لگاتے ہوئے اپنے پوائنٹس درج کئے اور پھر ان پر مہر ثبت کرنے کے لئے جارحانہ شاٹس کا فائدہ بھی اٹھایا چنانچہ وہ سریکانت ہی تھے جنہوں نے پہلے وقفہ کے اسکور کو 11-7 تک پہونچایا تھا۔ اکثر موقعوں پر پرنیت ان کے شاٹس کا سامنا کرتے ہوئے شٹل کو واپس ان کے کورٹ میں پہونچاتے ہوئے دشواری محسوس کرتے دیکھے گئے۔ دوسرے کھیل میں بھی سریکانت نے اپنی سبقت کو 4.1 تک پہونچا دیا لیکن پرنیت پوری مستعدی کے ساتھ کھیل میں واپس آئے اور دونوں 7-7 پر پہونچ گئے۔ اس طرح ایک ہی تربیت گاہ کے دو تربیت یافتگان کے درمیان کچھ دیر کانٹے کا مقابلہ جاری رہا۔ ایک مرحلے پر دونوں 10-10 پر پہونچ گئے۔ بعدازاں پرنیت نے کھیل پر غلبہ حاصل کرلیا۔ سریکانت کو سرویس میں غلط کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے 20-17 کی سبقت حاصل کی ہے۔ 2010ء میں ورلڈ جونیئر چمپین شپس میں برونز میڈل حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی منظر پر ابھرنے کے بعد پرنیت چند سرکردہ شٹلرس کے ساتھ بھی مقابلہ کرچکے ہیں، جن میں سابق آل انگلینڈ چمپین ملائیشیا کے محمد حفیظ ہاشم، سابق اولمپک اور ورلڈ چمپین توفیق ہدایت اور عالمی نمبر ایک شٹلر لی چونگ وی بھی شامل ہیں، لیکن اس سال کے اوائل میں وقفہ وقفہ سے زخمی رہنے کے سبب انہیں تاحال کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT