Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / پروفیسر ملک زادہ منظور احمد کو خراج عقیدت

پروفیسر ملک زادہ منظور احمد کو خراج عقیدت

نئی دہلی۔/22اپریل، ( فیکس ) پروفیسر اختر الواسع، کمشنر لسانی اقلیتیں (وزارت اقلیتی بہبود ) نے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پروفیسر ملک زادہ منظور احمد کا علمی، ادبی اور تہذیبی سفر چھ دہائیوں سے زیادہ کے عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے شبلی کالج ، اعظم گڑھ سے درس و تدریس کا جو سفر شروع کیا تھا وہ لکھنؤ یونیورسٹی میں شعبہ اردو سے ان کی وابستگی اور سبکدوشی تک جاری رہا۔ وہ زبان و قلم دونوں کے دھنی تھے۔
’’ شہر سخن ‘‘ کے نام سے ان کا شعراء کا تذکرہ مولانا آزاد پر ان کا تحقیقی مقالہ ’ رقصِ شرر ‘ کے نام سے ان کی خود نوشت اور ’ شہر ادب ‘ کے نام سے ان کے مضامین کا مجموعہ ہمیں ان کی یاددلاتے رہیں گے۔ ملک زادہ صاحب اردو زبان کے عاشقِ صادق بھی تھے اور اتر پردیش میں اردو والوں کے حقوق کی بازیابی کے مجاہد بھی۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ایک شاعر، نقاد اور معلم ہمارے بیچ سے اُٹھ گیا بلکہ اردو زبان میں عوامی رابطے کی علامت اور مشاعروں کی آبرو اور اعتبار کا نشان امتیاز چلا گیا۔

TOPPOPULARRECENT