Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پریرا کو 6 و کٹس ، سری لنکا نے سیریز پر قبضہ کرلیا

پریرا کو 6 و کٹس ، سری لنکا نے سیریز پر قبضہ کرلیا

تین میچوں کی سیریز میں میزبانوں کو صفر کے مقابلے دو سے ناقابل تسخیر سبقت
گلے۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے ہی دن سری لنکا کے ہاتھوں 299 رنز سے بدترین شکست ہوگئی۔ اس طرح میزبانوں نے تین میچوں کی سیریز دو سے جیت لی۔ سری لنکا کے آف اسپنر دلدواں پریرا نے طوفانی بولنگ کے ذریعہ 6 وکٹس لیتے ہوئے اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ فتح کیلئے مقررہ 413 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم محض 183 رنز کے مجموعی اسکور پر لنچ کے بعد ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح سری لنکا کو تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا  پر صفر کے مقابلے دو کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ سری لنکا نے آسٹریلیا کو 1999ء میں آخری مرتبہ ٹسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ ماہر و تجربہ کار رنگنا ہیراتھ نے پہلی اننگز میں کوئی رن دیئے بغیر تین اہم وکٹس لیتے ہوئے مہمانوں کو 106 رنز کے انتہائی معمولی اسکور پر آؤٹ کردینے میں غیرمعمولی رول ادا کیا تھا۔

 

دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیا محض 50.1 اوور میں بکھر گئی۔ پریرا نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 70 رنز دے کر 6 وکٹس حاصل کیا۔ جس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور نائٹ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر اور کپتان اسٹیوین اسمتھ نے چوتھی وکٹ کی ساجھیداری میں 51 رنز بناتے ہوئے میزبانوں کے بولنگ حملوں کی کسی حد تک مزاحمت کی کوشش کی لیکن یہ دونوں پریرا کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ وارنر نے 31 گیندوں میں 41 رنز بناتے ہوئے حملوں کا جواب دینے کی کوشش کی لیکن پریرا کی ایک سیدھی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اسمتھ بھی اسپنرس کے خلاف کچھ دیر ثابت قدم رہے اور اپنے پیروں کا صحیح استعمال کرتے ہوئے 58 گیندوں میں 30 رنز بنایا۔ تاہم وہ بھی بہت جلد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پریرا نے جمعہ کو بھی 2 وکٹس لیا تھا۔ بعدازاں ایڈم ووکس کو آؤٹ کرتے ہوئے 11 ٹسٹ میچوں میں چوتھی مرتبہ پانچ وکٹس لے لیا لیکن وہ بائیں بازو کے اسپنر ہیراتھ ہی تھے جو سری لنکا کے بولرس کے زیراثر اس میچ میں میزبانوں کو زبردست نقصان پہونچایا۔ قبل ازیں سری لنکا نے پلے کیلے میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 106 رنز سے شکست دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT