Thursday , July 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / پشاورزلمی پی ایس ایل2 کی چمپئن بن گئی

پشاورزلمی پی ایس ایل2 کی چمپئن بن گئی

لاہور ۔ 6مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پشاورزلمی نے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر دوسری چمپیئن ٹیم بننے کاعزاز حاصل کرلیا۔پشاورزلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لیگ کے چمپیئن بننے کے لئے 149 رنز کا نشانہ دے دیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نشانہ کے تعاقب کے لئے احمد شہزاد کے ساتھ نئے کھلاڑی مورنے وین ویک میدان میں آئے اور پہلے اوور میں ہی مشکل میں دکھائی دیے اور پہلے اوور میں صرف ایک رن بنا سکے۔محمد اصغر نے دوسرے اوور میں کوئٹہ کے بیٹسمینوں کو مشکل میں رکھا اور تیسری گیند پر وین ویک رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے اور پہلی وکٹ ایک رن پر گری۔بنگلہ دیشی کھلاڑی انعام الحق دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے اور تیسرے اوور میں حسن علی کی گیند پر کپتان ڈیرن سیمی نے سلپ پر ان کا کیچ گرا کر ایک اچھا موقع دے دیا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور محمد اصغر کے اگلے اوور میں اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کرس جارڈن کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد دو کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لئے میدان میں آئے اور اصغر کو لگاتار دو چوکے لگا کر اپنے عزائم ظاہر کئے لیکن دوسرے سرے سے احمد شہزاد ان کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔سرفراز احمد نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے محمد حیفظ کو لگاتار دو چوکے لگائے اور تیسری گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کے لئے آگے بڑھے لیکن کامران اکمل نے گیند کو وکٹوں پر دے مارا اور اسٹمپ آؤٹ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچادیا۔ سعد نسیم بھی زیادہ مزاحمت نہ کرپائے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض نے سعد کی وکٹ حاصل کی۔
شین اروائن نے اس موقع پر اچھے شاٹس کھیلے اور ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور سب سے زیادہ 24 رنز بنا کر محمد اصغر کو وکٹ دے گئے جس کے بعد محمد نواز بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے تو کوئٹہ کے سات بیٹسمین آؤٹ ہوگئے۔کرس جارڈن نے پشاورزلمی کو آٹھویں کامیابی دلادی اور 20 رنز بنانے والے انور علی کو پویلین بھیج دیا جس کے بعد نوجوان کھلاڑی حسان خان بیٹنگ کے لئے آئے جس کو وہاب ریاض نے واپس بھیج دیا۔حسن علی نے آخری بیٹسمین ذوالفقار بابر کو آؤٹ کرکے ٹیم کو 58 رنز سے فتح یاب کردیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر 90 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور پی ایس ایل کے چمپیئن بننے کا ایک نادر موقع بھی گنوا دیا۔محمد اصغر نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی اور وہاب ریاض نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں۔پشاورزلمی کے کامران اکمل کو ٹورنمنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے پر میچ کا بہترین بیٹسمین اور ٹورنمنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کراچی کنگز کے سہیل خان کو سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر ٹرافی سے نوازا گیا ان کی غیرموجودگی میں حسن علی نے وصول کرلیا۔پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو ‘مین آف دی فائنل’ کی ٹرافی اور 40 ہزار ڈالر انعام بھی دیا گیا۔چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے پاکستان کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ دیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT