Thursday , May 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پشاورزلمی کے تمام کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے تیار

پشاورزلمی کے تمام کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے تیار

دبئی ۔7 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کے پاکستانی اور غیرملکیوں سمیت تمام کھلاڑی لاہور میں فائنل کھیلنے کو تیار ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید آفریدی نے کہا کہ  ٹیم سے میری ملاقات ہوئی اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں لاہور میں کھیلنے کے حوالے سے ہماری بات ہوئی ہے۔پی ایس ایل کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا تھا کہ فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔خیال رہے کہ کھلاڑیوں کی عالمی اسوسی ایشن نے ایک سیکیورٹی کمپنی کی رپورٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے کے لئے احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔پشاور زلمی کی جانب سے لیگ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی جانب سے لاہور میں فائنل کھیلنے کے لیے آمادگی ایک نیک شگون ہے جبکہ کھلاڑی فائنل کے حوالے سے اب مزید پرجوش ہوں گے۔نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے ڈرافنٹگ سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو معاہدے کے دوران لاہور میں فائنل کھیلنے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا اور انھیں آمادہ بھی کیا جائے گا۔گزشتہ ماہ پنجاب حکومت نے لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں سخت سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) اوراسپورٹس بورڈ پنجاب کو 25 فروری سے 9 مارچ تک صوبے میں دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں نہ رکھنے کا مشوردہ دے دیا تھا۔دوسری جانب پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کے دوران پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور مداحوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں جلد پاکستان اور بالخصوص پشاور آؤں گا۔پی ایس ایل کا آغاز 9 فروری کو دبئی میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے ہوگا۔ایک ماہ تک جاری رہنے والی لیگ کا فائنل 7 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT